دمام ایئر پورٹ پر منشیات پیٹ میں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش ناکام
دمام ایئر پورٹ پر منشیات پیٹ میں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش ناکام
جمعہ 20 اگست 2021 18:20
مسافروں کے پیٹ سے 244 کیپسول برآمد ہوئے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں محکمہ زکوۃ و ٹیکس و کسٹم نے دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2.6 کلو گرام سے زیادہ کوکین کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی ہے۔
سعودی حکام نک اکہنا ہے کہ چھ مسافر پیٹ میں چھپا کر دمام ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ شبہ ہونے پر سکریننگ کرائی گئی جس سے پیٹ میں کوکین کی موجودگی ثابت ہوگئی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ زکوہ و ٹیکس و کسٹم نے بیان میں بتایا کہ’ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والی ایک پرواز کے مسافروں کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی‘۔
اسی دوران کسٹم انسپکٹر کو چھ مسافروں پر شبہ ہوگیا۔ فوری طور پر ان کے پیٹ کی سکریننگ کرائی گئی جس سے شبے کی تصدیق ہوگئی۔
مسافروں کے پیٹ سے 244 کیپسول برآمد ہوئے جن میں 2.685 کلو گرام کوکین بھری ہوئی تھی۔مسافروں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔