اینجلینا جولی انسٹا گرام پر، ایک افغان لڑکی کے خط سے ابتدا
اینجلینا جولی اقوام متحدہ کمیشن برائے مہاجرین کی نمائندہ خصوصی بھی ہیں۔ فوٹو اے یف پی
ہالی وڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی سابق خیر سگالی سفیر اینجلینا جولی نے بالآخر سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ انہوں نے اپنے اکاؤنٹ سے دو پوسٹس شیئر کیں ہیں جن میں سے پہلی ایک افغان لڑکی سے متعلق ہے جبکہ دوسری میں بے گھر ہونے والے افراد کو درپیش مشکلات کا ذکر ہے۔
46 سالہ اداکارہ اقوام متحدہ کمشنر برائے مہاجرین کی نمائندہ خصوصی بھی ہیں۔
اینجلینا جولی کا کہنا ہے کہ ’انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنانے کا مقصد دنیا بھر سے ان تمام لوگوں کی کہانیاں اور خیالات شیئر کرنا ہے جو اپنے بنیادی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔‘
انہوں نے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا آغاز ایک افغان لڑکی کے خط سے کیا جو انہوں نے اداکارہ کو بھیجا تھا۔
ہالی وڈ اداکارہ نے خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ خط افغانستان سے ایک نوجوان لڑکی کا ہے، اس وقت افغانستان کے لوگ سوشل میڈیا پر اپنے خیالات آزادانہ طریقے سے شیئر کرنے کی صلاحیت کھو رہے ہیں۔‘
’اس لیے میں انسٹاگرام پر آئی ہوں تاکہ دنیا بھر میں رہنے والے ان تمام افراد کی جو اپنے بنیادی حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں کی کہانیاں شیئر کرسکوں۔‘
اینجلینا جولی نے لڑکی کی شناخت محفوظ رکھتے ہوئے خط شیئر کیا ہے جس میں طالبان کے قبضے سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
نوجوان لڑکی نے خط میں لکھا ہے کہ ’ہم نے بیس سال کے بعد ایک مرتبہ پھر حقوق کھو دیے ہیں۔‘
’ہم سب نے اپنی آزادی کھو دی ہے اور ایک مرتبہ پھر قیدی بن گئے ہیں۔‘
اینجلینا جولی کی اس پوسٹ کو اب تک دو لاکھ کے قریب صارفین لائک کر چکے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ایک مرتبہ پھر افغان نقل مکانی کر رہے ہیں، اتنا پیسہ خرچ کرنے، خون خرابے اور جانوں کے ضیا کے بعد بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جسے سمجھنا ناممکن ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغان مہاجرین کو بوجھ سمجھنا مایوس کن ہے۔‘
’میں کبھی انہیں تنہا نہیں چھوڑوں گی، اور مدد کرنے کے طریقے تلاش کروں گی، مجھے امید ہے کہ آپ بھی میرے ساتھ شامل ہوں گے۔‘