خمیس مشیط پر ڈرون حملہ ناکام، او آئی سی کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی
عالمی برادری سے حملے بند کروانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے خمیس مشیط پر بارودی ڈرون سے حملے کی کوشش کی جسے سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کرکے ناکام بنادیا۔
الاخباریہ کے مطابق عرب اتحاد برائے یمن کا کہنا ہے کہ ’سول تنصیبات اور شہریوں کو نقصان پہنچانے والے حوثیوں کے مسلسل حملوں سے بچاؤ کے لیے عسکری اقدامات کیے جائیں گے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مملکت میں شہریوں کو نقصان پہنچانے کی حوثیوں کی مسلسل کوششوں پر شدید برہمی کا اظہارکیا ہے۔
سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے جمعے کو بیان میں حوثیوں کے نئے ڈرون حملے کو ناکام بنانے پر سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب حوثیوں کے حملوں کو ناکام بنانے، روکنے اور ان سے مستقل بنیادوں پر چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اپنے شہریوں و سرحدوں اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے جو اقدامات کرے گا او آئی سی اس کے ساتھ ہوگی‘۔
جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ نے خمیس مشیط پر حوثیوں کے نئے ڈرون حملے مذمت کی اور سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن نے بھی خمیس مشیط پر حوثیوں کے نئے ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئےعالمی برادری سے حملے بند کروانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔