سعودی عرب پر ڈرون حملہ: او آئی سی اور امارات کا اظہار مذمت
جمعرات 19 اگست 2021 22:40
نیا ڈرون حملہ یمن کی فضائی حدود ہی میں تباہ کردیا گیا- (فوٹو العربیہ)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے بارود سے لدے ڈرون سے سعودی عرب پر حملے کی حوثیوں کی نئی کوشش کی مذمت کردی-
ایس پی اے کے مطابق العثیمین نے کہا کہ وہ ایک بار پھر یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اپنی سرحدوں، اپنے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے جو اقدامات بھی کرے گا او آئی سی کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا-
العثیمین نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سعودی ایئر ڈیفنس سسٹم نے حوثیوں کا نیا ڈرون حملہ بھی ناکام بنادیا- یمن کی فضائی حدود ہی میں ڈرون کو تباہ کردیا گیا-
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب میں شہریوں اور سول تنصیبات کو بار بار نشانہ بنانے پرف حوثیوں کے خلاف موثر اقدامات کرے- حوثی ایسا کرکے بین الاقوامی اور انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی کررہے ہیں اورپے درپے ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملے کرکے عالمی برادری کو چیلنج کررہے ہیں- عالمی برادری یمنی بحران کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے جتنے اقدامات کرتی ہے وہ سب حوثیوں کے حملوں سے متاثر ہوتے ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں