Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی، مزید 16 ہزار سے زیادہ تارکین گرفتار

19 سے 25 اگست کے دوران مختلف ریجنز میں کارروائی کی گئی( فائل فوٹو ایس پی اے)
مملکت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری مشترکہ مہم میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مزید 16 ہزار 397 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ’19 سے 25 اگست کے دوران مختلف ریجنز میں 5 ہزار 793 کو اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جبکہ 9 ہزار 145 سرحدی خلاف ورزی اور ایک ہزار 594 کو لیبر لا کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا‘۔ 
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مملکت کی سرحدی حدود غیرقانونی طور پرعبور کرنے کی کوشش کرنے پر 528 افراد کوگرفتار کیا ہےجن میں سے 45 فیصد یمنی، 53 فیصد ایتھوپی اور دو فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں‘۔ 
’مملکت کی سرحد غیر قانونی طریقے سے عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے پر 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے‘۔
سیکیورٹی فورسز نے غیر قانونی تارکین کو نقل و حمل اور پناہ دینے کے الزام میں 17 افراد کو بھی حراست میں لیا۔ 
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ مملکت کے قانون کے مطابق کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو پناہ دینا یا انہیں کسی قسم کی نقل وحمل کی سہولت فراہم کرنا قانون شکنی میں شمار کیا جاتا ہے‘۔
ایسا کرنے والے کو 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانہ کیاجاتا ہے۔ علاوہ ازیں نقل وحمل میں استعمال ہونے والی گاڑی اور مکان جہاں غیر قانونی افراد کو ٹہرایا گیا ہو وہ بحق سرکار ضبط کرلیاجاتا ہے۔

شیئر: