Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں جولائی میں گھروں کے لیے قرضوں میں اضافہ

جولائی میں رہائشی فنانسنگ کے 18 ہزار سے زائد معاہدے طے پائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
رواں سال جون کے مہینے میں عارضی مندی کے بعد جولائی میں مزید سعودی شہریوں نے گھروں کی خریداری کے لیے بینکوں سے قرضے حاصل کیے ہیں۔ 
عرب نیوز کے مطابق جولائی میں رہائشی فنانسنگ کے 18 ہزار سے زائد معاہدے طے پائے جن کی مالیت آٹھ ارب 40 کروڑ سعودی ریال ہے۔ ان معاہدوں کی مجموعی مالیت گذشتہ ماہ کے مقابلے میں زیادہ ہے تاہم گذشتہ سال جولائی کے مقابلے میں کم ہے۔
سعودی سینٹرل بینک کے ڈیٹا کے مطابق کورونا کی عالمی وبا کے منفی اثرات زائل ہونے کے بعد گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں بینکوں کی جانب سے ہاؤسنگ سکیموں کی مد میں دیے گئے مجموعی قرضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رواں سال کے موسم سرما میں گھروں کے لیے نئے قرضوں میں مندی سے اس سال کی مجموعی شرح نمو متاثر نہیں ہوئی ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں کارپوریٹ اداروں اور افراد کو دیئے گئے قرضوں میں 40 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سعودی سینٹرل بینک کے ڈیٹا کے مطابق اضافے کی ایک وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بینکوں نے بیرون ملک اثاثوں میں کمی کے بعد  ملکی سطح پر قرضے دینے پر توجہ دی ہے۔
سعودی عرب کی ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی میناست ریئلٹی کے سربراہ خالد المبعید نے عرب نیوز کو بتایا کہ گھروں کے لیے قرضوں میں شرح نمو میں اضافے کی وجہ گھروں کی طلب میں اضافہ ہے جس کے لیے حکومت مقامی بینکوں کے ذریعے شہریوں کو قرضے فراہم کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گھروں کے لیے قرضے دینے میں بینکوں کی دلچسپی ہوتی ہے، جبکہ شہریوں کو گھر کا مالک بننے کا موقع مل جاتا ہے۔
سنہ 2021 کے پہلے سات ماہ میں سعودی بینکوں نے گھروں کی تعمیر کے لیے 85 ارب سعودی ریال سے زائد قرضوں کی مد میں دیے ہیں۔ جبکہ مالی اداروں نے رواں سال کے پہلے سات ماہ میں رہائشی منصوبوں کے لیے دو ارب سعودی ریال سے زائد کا قرض دیا۔
سعودی بینکوں اور مالی اداروں نے پہلے سات میں رہائشی ولاز کی تعمیر کے لیے 69.6 ارب سعودی ریال کی مجموعی رقم مالی اعانت کے طور پر ادا کی جبکہ اپارٹمنٹس کے لیے 14.14 ارب سعودی ریال بطور قرض دیے گئے۔
جولائی کے مہینے میں 6.7 ارب سعودی ریال کی مجموعی فنانسنگ میں سے رہائشی ولاز کے لیے 78 فیصد کی مالی معاونت کی گئی، جبکہ رہائشی اپارٹمنٹس کے لیے 18 فیصد مالی معاونت کی گئی۔

شیئر: