Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیف سرفراز کا پاستہ، ’بھابھی آتے ہی ہمارے کپتان کو کام پر لگا دیا‘

پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کیپنگ گلوز کے ساتھ ساتھ اب کچن کے دستانے بھی پہن لیے ہیں۔
پیر کو سرفراز احمد کی اہلیہ خوشبخت سرفراز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں سابق کپتان پاستہ بناتے ہوئے نظر آئے۔
خوشبخت نے اپنی ٹویٹ میں ویڈیو کے ساتھ لکھا ’ان کے ہمارے اردگرد ہونے کے فوائد۔‘
سرفراز اس ویڈیو میں کہتے ہیں کہ ’شیف سرفراز کا پاستہ بنے گا۔ اس کو ہم 15 سے 20 منٹس کے لیے اوون میں گرم کریں گے اور اس کے بعد ہمارا پاستہ تیار ہوجائے گا۔‘
سابق کپتان نے ویڈیو میں ’مٹنز‘ یعنی کچن گلوز یا دستانے پہن رکھے ہیں جو عموماً کھانے پکاتے وقت ہاتھوں کو جلنے سے بچانے کے لیے پہنے جاتے ہیں۔
لیکن سرفراز نے کچن گلوز الٹے پہنے ہوئے تھے اور ان کی اہلیہ نے ان کو ویڈیو کے آخر میں یاد دلانا ضروری سمجھا۔
خوشبخت کہتی ہیں ’آپ نے مٹنز الٹے پہنے ہوئے ہیں۔‘
جس پر سرفراز صرف کہتے ہیں ’اٹس اوکے۔‘
اس ویڈیو پر پاکستانی لیگ بریک بولر شاداب خان بولے ’بھابھی آتے ساتھ ہی ہمارے کپتان کو کام پر لگا دیا۔‘

اس کے بعد تو جیسے تقریباً سب ہی کھلاڑی اس ویڈیو کو لے کر ہنسی مذاق کرتے نظر آئے۔
پاکستانی بولر حسن علی نے کہا کہ ’کیپٹن یہ والا ٹیلنٹ ہمیں بتایا ہی نہیں آپ نے؟‘
جس پر شاداب نے کہا ’نیکسٹ چائے کپتان سے بنوائیں گے۔‘
اس کے جواب میں اوپننگ بیٹسمین امام الحق نے لکھا ’اچھا جی! کپتان یہ کر رہے ہیں آپ؟ بھابھی ابھی تو آئے ہیں سکون کرنے دیں۔‘
جس پر سرفراز نے امام الحق کو کہا کہ ’امام الحق صاحب میری چھوڑیں، آپ تیاری پکڑیں، ٹائم قریب ہے آپ کا۔‘

شیئر: