مسجد الحرام کے ماحول اور ضروریات کے مطابق ڈیولپ کیا گیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے زائرین کی صحت و سلامتی، کورونا وائرس لگنے سے روکنے اور پھیلنے سے بچانے کے لیے مسجد الحرام میں نئےجدید تھرمل کیمرے نصب کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق انتظامیہ کے ماتحت انسداد وبائی امور ادارے کے سربراہ حسن بن برکات السویھری نے بتایا کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ زائرین کودی جانے والی سہولتوں میں اضافہ اور ان کا معیار بھی بلند کرتی رہتی ہے تاکہ زائرین طواف، سعی اور عبادتیں کورونا وبا سے محفوظ ماحول میں آسانی سے کرسکیں۔
حسن بن برکات السویھری نے بتایا کہ نئے تھرمل کیمرے ایک سیکنڈ میں 6 سے 8 افراد کے درجہ حرارت کو سکین کرلیتے ہیں۔ مسجد الحرام میں جو تھرمل کیمرے نصب کیے گئے ہیں انہیں مسجد الحرام کے ماحول اور ضروریات کے مطابق ڈیولپ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ سینیٹائزنگ، آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کیے جارہے ہیں۔ گیارہ روبوٹ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی خصوصیت سے آراستہ ہیں جبکہ 22 مشینیں خشک ابخارات کے ذریعے سینیٹائزنگ کے لیے لائی گئی ہیں۔
سینیٹائزنگ کی 20 مشینیں ٹھنڈی پھوار سے کام کررہی ہیں۔ مسجد الحرام میں 500 سینیٹائزنگ پمپ مہیا کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 20 ہزار لٹر سے زیادہ سینیٹائزنگ کا مادہ روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جارہا ہے۔