غیرقانونی کارکنوں کو ملازمت، اماراتی شہری اور ایشیائی شخص کو 6 لاکھ درھم جرمانہ
فروری میں غیرقانونی تارکین کے خلاف 252 تفتیشی کارروائیاں کی گئیں( فوٹو: وکی پیڈیا)
متحدہ عرب امارات کی فیڈریشن آف نیشنلٹی اینڈ کسٹم اتھارٹیز نے ماہ فروری کے دوران غیرقانونی تارکین کے خلاف 252 تفتیشی کارروائیاں کیں۔
امارات الیوم کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے اقامہ اور محنت قانون کی خلاف ورزی کے حوالے سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس کا عنوان ’پر امن معاشرے کی جانب‘ تھا۔
مہم کے دوران ایک ماہ میں 4771 تجارتی اداروں کے دورے کیے گئے جہاں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ ان اداروں میں کام کرنے والے غیرملکیوں کا قانونی سٹیٹس کیا ہے۔
اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل کرنل سھیل سعید الخییلی نے بتایا کہ ’امارات کا قانون واضح ہے، یہاں رہنے والے غیرملکیوں کو چاہیے کہ قانون کا احترام کریں۔ پرامن معاشرے کے لیے قانون پرعمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’تفتیشی کارروائیوں میں جن افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان سے تفتیشی مکمل کرنے کے بعد مقررہ سزا کا حکم سنایا جائے گا۔‘
تفتیشی مہم کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سرچ ٹیموں نے اماراتی شہری اور ایک اشیائی غیرملکی کو حراست میں لیا جن پر 12 غیرملکیوں کو بغیر پرمٹ ملازمت دینے کا الزام ہے۔
اس کیس میں عدالت نے اماراتی شہری اور ایشیائی شخص کو 6 لاکھ درھم جرمانہ کیا جبکہ غیرقانونی کارکنوں کو ایک ہزار درہم کا جرمانہ کیا گیا اور ملک بدر کرنے کے احکامات جاری کیے۔