تعطیلات کا لطف دوبالا کرنے کے لیے سیاح املج کا رخ کرنے لگے
تعطیلات کا لطف دوبالا کرنے کے لیے سیاح املج کا رخ کرنے لگے
جمعرات 16 ستمبر 2021 5:20
مہم جوئی کے شائقین بھی یہاں کثیر تعداد میں آتے ہیں- (فوٹو: ایس پی اے)
جزائر املج مچھلیوں، رنگ برنگے مونگوں اور کھلے گہرے سمندر میں غوطہ خوری کے شائق سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنے ہوئے ہیں-
العربیہ نیٹ کے مطابق املج کے ساحل رنگا رنگ سیاحت والی خوبیوں سے مالا مال ہیں- یہاں آرام و راحت کے متلاشی افراد کے لیے بہت کچھ ہے- سمندر کے قدرتی مناظر سے دلچسپی رکھنے والے یہاں آنا پسند کرتے ہیں- مہم جوئی کے شائقین بھی یہاں کثیر تعداد میں پہنچ رہے ہیں- جمالیاتی مناظر کی فوٹو گرافی کرنے والوں کے لیے بھی یہاں کافی کچھ ہے-
جزائر املج کے ساحل سعودی عرب کے شمال مغرب میں واقع ہیں- مملکت کے مختلف علاقوں سے مقامی شہری اور مقیم غیرملکی موسم گرما کی تعطیلات گزارنے کے لیے یہاں آنا پسند کرتے ہیں- بیرون مملکت کے سیاح بھی یہاں آ رہے ہیں- ہر سال سیاحوں کی تعداد بڑھ رہی ہے- املج کے ساحلوں سے متعلق مطلوبہ معلومات آسانی سے مہیا ہو جاتی ہے- یہاں پہنچنا آسان ہے مشکل نہیں-
صبح سویرے الحرۃ بندرگاہ سے سیاحوں کی کشتیاں جزائر املج کے لیے روانہ ہوتی ہیں- یہ زیادہ مشہور ہیں- یہ آس پاس واقع متعدد جزیروں کا مجموعہ ہے- یہ بحراحمر املج کے 103 جزیروں کا حصہ ہیں- ٹورسٹ گائیڈ اور آرام و راحت کے وسائل سے آراستہ کشتیوں سے ان جزیروں کی سیر بڑا مزہ دیتی ہے-
عام طور پر جزیروں کی سیاحت کے لیے آنے والے ناشتہ کشتیوں میں کرنا پسند کرتے ہیں- یہاں انہیں انواع و اقسام کے مشروبات، پانی، قہوہ، چائے، سینڈوچ اور پھل ملتے ہیں-
کشتی سب سے پہلے جزیرہ ام الملک پر لنگر انداز ہوتی ہے- یہ الحرۃ بندرگاہ سے تقریبا آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے- یہاں آنے والوں کو مینگروف کے درختوں کا منظر بھلا لگتا ہے- اس جزیرے میں مختلف مقامات سے ہجرت کرنے والے پرندوں کے جھنڈ نظر آتے ہیں- یہ منظر بھی پیارا لگتا ہے- یہاں سے کشتیاں جزایۃ اور اطاویل جزیروں کا رخ کرتی ہیں جو ریتیلے ساحل سے جڑے ہوئے ہیں- ام سحر جزیرے میں ڈولفن کثیر تعداد میں تیرتی نظر آتی ہیں- کشتی پر سوار سیاح ریت سے نکل کر سمندر کی طرف جاتے ہوئے کچھوے دیکھ سکتے ہیں- جزیرہ ام جلوف کے ساحل پر تیراکی کا اپنا ایک لطف ہے-
جزائر املج کے سیاح کھلے گہرے سمندر میں تیراکی کے دوران رنگ برنگے مونگوں اور مچھلیوں کے پرکشش مناظر سے لطف اٹھا سکتے ہیں- جزائر کی سیر کا اختتام بندرگاہ کے قریب واقع ریستوران میں سمندری کھانوں سے کیا جا سکتا ہے- جہاں تازہ مچھلیاں اور مقامی انداز میں تیار کردہ سمندری ڈشیں دستیاب ہوتی ہیں- سیاح ’روح السعودیہ‘ پلیٹ فارم https://www.visitsaudi.com/ar کے ذریعے بکنگ کرا سکتے ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں