Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بعض اوقات انٹرویوز میں جھوٹ بولتی ہوں: ماہرہ خان

ماہرہ خان پاکستانی فلموں، ڈراموں کے ساتھ بیرون ملک بھی کارکردگی کے جوہر دکھا چکی ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ڈرامے ’ہمسفر‘ کے دس برس مکمل ہونے پر فینز کے ساتھ گفتگو کے لیے ٹوئٹر کا رخ کیا تو صارفین نے سوالات کے انبار لگا دیے۔
ماہرہ خان کی پسند وناپسند اور ذاتی و پروفیشنل زندگی سے شروع ہونے والا سوالات کا دائرہ ان کی دلچسپیوں اور مستقبل کے منصوبوں تک جا پہنچا۔
ڈرامہ سیریل ہمسفر سے متعلق پوچھے گئے ایک فین کے سوال کے جواب میں ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ڈرامے میں گھر میں کیا گیا سین مزید بہتر کرنا چاہیں گی۔

صارفین کو سوالات کا موقع ملا تو اجنبی کب ریلیز ہو گی؟ یمنی زیدی کے ساتھ اکٹھے کوئی پروجیکٹ کب کریں گی؟ سے شروع ہونے والی گفتگو کے دوران سوال آیا کہ ماہرہ کو کون خوش کرتا ہے؟ جواب میں اداکارہ نے فینز کو اپنی خوشی کی وجہ قرار دیا۔

کیا ایسا ہے جسے ناپسند کرتی ہیں لیکن پھر بھی کرتی ہیں؟ کا سوال ہوا تو ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا ناپسند ہے لیکن بعض اوقات بولنا پڑتا ہے۔۔۔۔ انٹرویو میں۔

ایک بنگلہ دیشی فین نے ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ کا ذکر کرتے ہوئے وبائی صورتحال کے بعد متوقع دورہ بنگلہ دیش سے متعلق پوچھا اور وہاں ماہرہ خان کے فینز کی بڑی تعداد کا ذکر کیا تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’امید ہے جلد ایسا ہو گا۔‘

ہمسفر ڈرامے کو 10برس مکمل ہونے کے موقع پر کی جانے والی گفتگو میں ماہرہ خان نے ڈرامے کی مصنفہ فرحت اشتیاق کا شکریہ ادا کیا تو لکھا کہ ’آپ نے خرد کو بہت اچھا لکھا ۔ ایک اور رومانس ہو جائے۔‘

36 سالہ ماہرہ خان اپنے ڈرامے ہمسفر میں خرد عاشر حسین کا کردار ادا کرنے پر جہاں صارفین سے خوب ستائش وصول کرتی رہی ہیں وہیں اس پرفارمنس کی وجہ سے انڈسٹری کے متعدد ایوارڈز کی حقدار بھی قرار پائی تھیں۔

شیئر: