Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں پلاسٹک کی سڑک کی تعمیر کا آغاز چند دنوں میں

کوکا کولا اور سی ڈی اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چند دن قبل دستخط ہوئے تھے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مشروبات کی مشہور کمپنی کوکا کولا نے وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی ے) کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں استعمال شدہ بوتلوں سے ’پلاسٹک روڈ‘ بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔
اردو نیوز کو چئیرمین سی ڈی اے عامر احمد علی نے بتایا کہ منصوبے کے پائیلٹ پراجیکٹ کے تحت کوکا کولا استعمال شدہ پلاسٹک سے ایف نائن پارک کے اندر پلاسٹک کی سڑک کا ٹکڑا بنائے گا۔
اگر تجربہ کامیاب ہو گیا تو پھر ایوب چوک سے مارگلہ روڑ تک ایک کلومیٹر سڑک پلاسٹک سے بنائی جائے گی۔
اس سلسلے میں کوکا کولا اور سی ڈی اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر چند دن قبل دستخط ہوئے تھے۔
چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق اسی ہفتے فاطمہ جناح پارک ایف نائن میں ٹرائیل شروع کیا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ اس میٹریل سے سڑک کی تعمیر کتنی پائیدار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا تجربہ ابھی تک پاکستان میں نہیں ہوا۔ اگر ایف نائن پارک کا ٹرائیل کامیاب ہو گیا تو مشروبات کی کمپنی اسلام آباد میں ایک کلومیٹر سڑک کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبیلیٹی (سی ایس آر) کے تحت مفت بنا کر دے گی۔
عامر احمد علی کے مطابق اس کے بعد سی ڈی اے خود بھی اپنے مستقبل کے منصوبہ جات میں استعمال شدہ پلاسٹ سے سڑک بنانے پر غور کرے گی کیونکہ اس سے ماحول کو دیگر میٹریل کی نسبت  کم نقصان پہنچتا ہے۔
چئیرمین سی ڈی اے کے مطابق انڈیا سمیت متعدد ممالک میں اس طرح کے تجربات کیے گئے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق مشروبات کی کمپنی ایک کلومیٹر روڈ کی تعمیر نو کے لیے قریبا آٹھ ٹن کے قریب پلاسٹک استعمال کرے گی۔ اس منصوبے کا مقصد کلین اور گریں پاکستان کو فروغ دینا ہے۔

شیئر: