Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمر شریف ایئر ایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے امریکہ روانہ

معروف اداکار عمر شریف دل کے عارضے کے علاج کی غرض سے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکہ روانہ ہوگئے ہیں۔
ان کی اہلیہ زریں غزل ایئر ایمبولینس میں ان کے ہمراہ ہیں۔
روانگی سے قبل ڈاکٹرز کی ٹیم نے عمرشریف کا ایئرایمبولینس میں معائنہ مکمل کیا۔
طنزو مزاح کے بے تاج بادشاہ مانے جانے والے اداکار عمر شریف کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں سے انہیں منگل کی صبح ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد انہیں ایمبولینس میں ایئرپورٹ لے جایا گیا جہاں ایئر ایمبولینس انہیں امریکہ لے جانے کے لیے تیار کھڑی تھی۔
امریکہ میں ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے انتظامات کروائے ہیں، جبکہ سفر کے لیے ایئر ایمبولینس کے انتظامات حکومت سندھ کی جانب سے کیے گئے ہیں۔
عمر شریف کی طبیعت پیر کو اچانک بگڑ گئی تھی، ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق ڈائیلاسز کے دوران ان کا بلڈ پریشر خاصا کم ہوگیا تھا جس کے بعد عمر شریف کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔
طبیعت کی ناسازی کے باعث ان کی امریکہ روانگی ڈاکٹروں کی جانب سے اجازت سے مشروط ہو گئی تھی جس کے بعد ایئر ایمبولینس کو پاکستان میں مزید کچھ گھنٹے رکنے کا کہا گیا۔

شیئر: