انڈیا میں مسافر کی آنت سے 40 لاکھ روپے کا سونا برآمد
انڈیا میں مسافر کی آنت سے 40 لاکھ روپے کا سونا برآمد
بدھ 29 ستمبر 2021 19:14
مسافر نے سونے کا پیشٹ اپنی آنت میں چھپایا ہوا تھا۔ فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی
انڈیا میں ایک مسافر کی بڑی آنت سے 900 گرام کا گولڈ پیسٹ برآمد ہوا ہے، جس کی مالیت تقریباً 42 لاکھ انڈین روپے بتائی جا رہی ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی نے سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انڈیا کی ریاست منی پور کے امپھال ایئرپورٹ میں پولیس فورس نے ایک مسافر سے سونے کے پیسٹ کے چار پیکٹ برآمد کیے۔
سی آئی ایس ایف کے ایک بیان کے مطابق سب انسپیکٹر بی ڈلی نے تلاشی کے دوران مذکورہ مسافر کی آنت میں دھات کی موجودگی محسوس کی۔
مسافر کی شناخت محمد شریف کے نام سے ہوئی ہے اور وہ ریاست کیرالہ کے شہر کوزیکوڈ کے رہائشی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کو ایئر انڈیا کی پرواز پر امپھال سے دہلی جانا تھا۔ تاہم اسے روک لیا گیا اور انہیں سوالات کے لیے سیکورٹی ہولڈ ایریا لے جایا گیا لیکن اس نے ’تسلی بخش جوابات نہیں دیے‘۔
متعلقہ افسران مسافر کو طبی معائنے کے کمرے میں لے کر گئے جہاں اس کے جسم کے نچلے حصے کا ایکسرے کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رپورٹ میں اس کے جسم کے اندر دھات کی کوئی چیز نظر آئی۔ سرکاری بیان کے مطابق مسافر نے اس کے بعد اعتراف کر لیا۔
مسافر کو مزید کارروائی کے لیے سی آئی ایس ایف اور کسٹمز کے افسران کے حوالے کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ چنائی کے ایئرپورٹ پر رواں برس جولائی میں ایک شخص کی آنت سے سونے کا پیسٹ برآمد ہوا تھا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق مذکورہ شخص دبئی سے چنائی پہنچا تھا اور اس کی آنت سے 948 گرام گولڈ پیسٹ کے چار بنڈل برآمد ہوئے جن کی اس وقت کی لاگت 40.35 لاکھ انڈین روپے تھی۔