سعودی عرب میں ڈیجیٹل مواد کی تیاری کے لیے 4.2 ارب ریال منظور
سعودی عرب میں ڈیجیٹل مواد کی تیاری کے لیے 4.2 ارب ریال منظور
جمعرات 30 ستمبر 2021 10:36
’ڈیجیٹل کنٹینٹ کونسل 4 ارب 20 کروڑ ریال کے بجٹ سے 36 اقدامات پر کام کرے گی‘ (فوٹو: العربیہ)
سعودی کابینہ نے ڈیجیٹل مواد کی مارکیٹ کو متحرک کرنے، مقامی مصنوعات میں اس کی شراکت بڑھانے اور سعودی عرب میں معیاری ملازمتیں فراہم کرنے کے مقصد سے’ڈیجیٹل مواد کونسل‘ کی تنظیم کی منظوری دی تھی۔
العربیہ کے مطابق ڈیجیٹل کنٹینٹ کونسل 4 ارب 20 کروڑ ریال کے بجٹ سے 36 اقدامات پر کام کرے گی۔
کونسل کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل مواد تیار کرنا ہے۔ اس کے علاوہ یہ کونسل مقامی مواد کے تناسب کو بڑھانے اور چار اہم مارکیٹوں ویڈیو، آڈیو، الیکٹرانک گیمز اور ڈیجیٹل اشتہارات میں ملازمتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔
کونسل کے مقاصد میں مقامی معیشت کے اندر برقرار رکھی گئی آمدنی کا فیصد بڑھانا، کوالیفائنگ اور ڈویلپمنٹ پروگراموں کے ذریعے مقامی ٹیلنٹ کی نشو و نما کے علاوہ قانون سازی اور قواعد و ضوابط کو بہتر بنانا شامل ہے۔
کونسل سعودی عرب میں ڈیجیٹل کنٹینٹ مارکیٹ کو تین ٹریک میں ریگولیٹ اور فعال کرنے کی کوشش کرے گی۔
ان میں پہلا قواعد و ضوابط اور دانشورانہ املاک کے حقوق کے ذریعے مارکیٹ میں نجی شعبے اور کاروباری افراد کی شرکت کو آسان بنانا، دوسرا انٹیگریٹڈ گورننس بنانا ہے جو توسیع اور نمو کو متحرک کرے اور جدت کی حوصلہ افزائی کرے۔
کونسل کا تیسرا ٹریک جس پر وہ کام کرے گی ڈیجیٹل مواد کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہے۔
وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وضاحت کی کہ ڈیجیٹل کنٹینٹ کونسل کئی سرکاری ایجنسیوں کی شراکت میں تشکیل دی گئی تھی جن میں وزارت اطلاعات، وزارت ثقافت، وزارت تجارت، وزارت سرمایہ کاری، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن، جنرل اتھارٹی برائے آڈیو ویژول میڈیا اورسعودی اتھارٹی برائے دانشورانہ املاک شامل ہیں۔