موسم کی صورتحال: مملکت کے کئی علاقے جمعرات کو بارش کی لپیٹ میں
جمعرات 30 ستمبر 2021 0:04
ساحلی مقامات پر ہلکی دھند چھائی رہے گی (فائل فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ جمعرات 30 ستمبر کو جازان، عسیر اور باحہ کے بالائی مقامات پر تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے بالائی مقامات بھی تیز ہواؤں اور بارش کی لپیٹ میں ہوں گے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ’ مشرقی ریجن اور مدینہ منورہ کے ساحلی مقامات نیز مکہ مکرمہ ریجن کے بعض ساحلی مقامات پر صبح سویرے اور رات کے وقت ہلکی دھند چھائی رہے گی‘۔
قومی مرکز نے بتایا کہ ’جمعرات کو مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ مدینہ منورہ اور سب سے کم درجہ حرارت 12 سینٹی گریڈ السودہ میں متوقع ہے‘۔
بیان میں موسمیات کے قومی مرکز نے آئندہ ااکتوبر اور نومبر کے دوران موسم خزاں میں ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے بھی بتایا ہے۔
قومی مرکز نے توقع ظاہر کی کہ’ اکتوبر میں ریاض ریجن کے جنوبی علاقوں، جازان، باحہ، نجران، عسیر، مکہ مکرمہ ریجنوں میں اوسط سے زیادہ بارش متوقع ہے‘۔
’عسیر میں ابہا اور خمیس مشیط اور مکہ مکرمہ ریجن میں مکہ، جدہ اور طائف شہروں میں معمول سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے‘۔
قومی مرکزکے مطابق ’اکتوبر کے دوران معمول سے زیادہ گرمی ہوگی۔ آدھے سے ایک سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے‘۔
نومبر میں مملکت کے تمام علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت ہوگا۔ ایک سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت زیادہ ہوسکتا ہے جبکہ بارش معمول کی حد میں ہوگی۔