Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگریس چھوڑ رہا ہوں لیکن بی جے پی میں نہیں شامل ہو رہا: امریندر سنگھ

امرندر سنگھ کا کہنا ہے کہ پارٹی میں ان کے ساتھ ذلت آمیز رویہ رکھا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے کہا ہے کہ وہ حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل نہیں ہو رہے تاہم انہوں نےانڈین نیشنل کانگریس چھوڑنے کی تصدیق کی ہے۔
انڈین ایکسپریس اخبار کے مطابق کیپٹن امریندر سنگھ نے ان کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ راہل گاندھی کی انڈین نیشنل کانگریس سے مستعفی ہو رہے ہیں جہاں انہیں شرمندہ کیا گیا اور ان پر بھروسہ نہیں کیا گیا۔
’میں استعفیٰ دوں گا۔۔۔ پارٹی میں نہیں رہوں گا۔‘
سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ ذلت آمیز رویہ نہیں برداشت کریں گے، ان کے اصول اور قواعد انہیں یہ اجازت نہیں دیتے کہ وہ انڈین کانگریس کا حصہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کے سینیئر اراکین کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جو کانگریس پارٹی کے حق میں نہیں ہے، سینیئر پارٹی ممبران غور و فکر کرتے ہیں اور پارٹی کے مستقبل کے ناقد بھی ہیں۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب کے لوگ صرف ریاست کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے ووٹ ڈالیں گے۔
انہوں نے اپنے تجربے کی بنیاد پر کہا کہ پنجاب کے لوگ صرف کسی ایک جماعت یا سیاسی قوت کے حق میں ووٹ ڈالتے ہیں خواہ کتنی ہی سیاسی جماعتیں انتخابات میں کیوں نہ شامل ہوں۔

امریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہوں گے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومتی سطح پر بدانتظامی کے باعث پاکستان ریاست اور ملک  میں مسائل کھڑے کر سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول سے ملاقات کے دوران انہی موضوعات پر بحث ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ پنجاب میں پاکستان کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ دراصل انڈین مخالف قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
’یہ (پاکستانی حمایت یافتہ عناصر) ہمارے فوجیوں کو روزانہ ہلاک کرتے ہیں، یہ ڈرونز کے ذریعے ہتھیار ریاست کے اندر لاتے ہیں۔ ہم کیسے ان خطرات کو نظرانداز کر سکتے ہیں۔‘

شیئر: