آبدوز تنازع: یورپی یونین نے آسٹریلیا سے تجارتی مذاکرات ملتوی کر دیے
فرانس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے آسٹریلیا کے ساتھ تجارتی معاہدے پر سوال اٹھایا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
آسٹریلیا کی جانب سے گزشتہ ماہ فرانس کے ساتھ آبدوزوں کا معاہدہ ختم کیے جانے کے فیصلے پر تناؤ بڑھ جانے کے بعد یورپی یونین نے آسٹریلیا سے مذاکرات ملتوی کر دیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈین تہان نے تصدیق کی کہ جمعہ کو یورپی یونین کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے پر مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
آسٹریلیا نے پچھلے ماہ فرانس کے نیول گروپ کے ساتھ روایتی آبدوزوں کا بیڑا بنانے کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا اور وہ اب امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ سکیورٹی شراکت داری بنیاد پر ان کی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایٹمی طاقت سے چلنے والی کم از کم آٹھ آبدوزیں بنائے گا۔
آسٹریلیا کی جانب سے آبدوزوں کے معاہدے کی منسوخی نے فرانس کو اشتعال دلایا ہے اور اس نے آسٹریلیا اور امریکہ دونوں پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے فرانس کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
غصے کی علامت کے طور پر فرانس نے کینبرا اور واشنگٹن دونوں سے اپنے سفیروں کو بھی واپس بلا لیا تھا۔
فرانس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا اس بلاک (یورپی یونین) کو آسٹریلیا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنا چاہیے یا نہیں؟
روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے وزیر تجارت ڈین تہان نے جمعہ کے روز مذاکرات کے التوا میں آبدوزوں کے معاہدے کی منسوخی کے کردار پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تاہم انہوں نے 12 اکتوبر کو ہونے والے مذاکرات کے 12 ویں دور کو ایک ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی تصدیق کی۔
تہان نے روئٹرز کو ایک بیان میں کہا کہ ’میں اگلے ہفتے اپنے یورپی یونین کے ہم منصب والڈیس ڈومبروسکس سے ملاقات کروں گا تاکہ 12 ویں مذاکراتی دور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے جو اب اکتوبر کے بجائے نومبر میں ہو گا۔‘