دبئی ایکسپو 2020 میں افغانستان کا پویلین کیوں بند ہے؟
دبئی ایکسپو میں افغانستان کی نمائندگی اشرف غنی کی کابل حکومت کر رہی تھی۔ فوٹو: روئٹرز
دبئی ایکسپو 2020 میں افغانستان کا پویلین بند ہے جو کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد ملک کو درپیش چینلجز کی جانب اشارہ کرتا ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق دبئی ایکسپو میں لگ بھگ 200 ملکوں کی جانب سے شرکت کی جا رہی ہے۔
اس ایکسپو کی میزبانی کے لیے دبئی کو آٹھ برس قبل منتخب کیا گیا تھا تاہم گزشتہ برس عالمی وبا کی وجہ سے یہ ایونٹ تاخیر کا شکار ہوا۔
جمعے کو ایکسپو کے آغاز پر ہی افغانستان کا پویلین بند پڑا تھا اور اس حوالے سے جب وہاں موجود سکیورٹی گارڈ سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے یہاں کسی کو کام کرتے نہیں دیکھا۔
دبئی ایکسپو کے لیے افغان پویلین افغانستان کی سابق حکومت کی جانب سے تیار کیا جا رہا تھا جس کو اگست کے وسط میں طالبان جنگوؤں نے کابل سے بے دخل کر دیا تھا۔
ایکسپو میں افغانستان کے پویلین پر کام ادھورا پڑا ہے اور یہ آنے والوں کے لیے نہیں کھولا گیا۔
روئٹرز کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں کہ سوا چار کلومیٹر پر محیط دبئی ایکسپو کے علاقے میں افغان پویلین کو کسی موقع پر وزیٹرز کے لیے کھولا جائے گا یا نہیں۔
ایکسپو کے ایک نمائندے نے روئٹرز کو بتایا کہ افغانستان کا پویلین ان چند ملکوں میں سے ایک ہے جس کو ابھی تک مکمل طور پر تیار نہیں ہو سکے تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ یہ پویلین کب کھولے جائیں گے۔
نمائندے نے کہا کہ اس حوالے سے افغانستان کی ’ٹیم‘ سے رابطہ کر کے پوچھا جا سکتا ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ وہ کون ’ٹیم‘ کون ہے۔
دبئی ایکسپو میں افغانستان کی نمائندگی اشرف غنی کی کابل حکومت کر رہی تھی۔
ایکسپو کا انعقاد کرنے والے حکام نے قبل ازیں زور دے کر کہا تھا کہ یہ ایونٹ غیرسیاسی ہے۔
افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان نے اپنی عبوری حکومت تشکیل دی ہے تاہم تاحال کسی بھی ملک نے ان کو تسلیم نہیں کیا۔
جمعے کو دبئی ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر افغانستان کا جھنڈا شرکت کرنے والے دیگر ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ لگایا گیا تھا۔