کابل کی جامع مسجد کے قریب دھماکہ، دو افراد ہلاک، تین زخمی
اتوار 3 اکتوبر 2021 14:58
عید گاہ جامع مسجد کا شمار کابل کی بڑی مساجد میں ہوتا ہے۔ (فوٹو: اے پی)
کابل کی جامع مسجد کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
اتوار کو کابل میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ ’آج دوپہر عید گاہ جامع مسجد کے قریب ایک اجتماع پر دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘
وزارت داخلہ کے ترجمان قاری سید خوستی نے اے ایف کو بتایا کہ ’ہماری ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔‘
اطلاع ہے کہ دھماکے کے وقت مسجد کے اندر ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ کے لیے فاتحہ خوانی ہو رہی تھی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کی والدہ جو گذشتہ ہفتے انتقال کر گئی تھیں ان کے ایصال ثواب کے لیے ایک دعائیہ تقریب رکھی گئی تھی۔
ذبیح اللہ مجاہد نے سنیچر کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا تھا کہ تمام لوگ اور دوست تقریب میں شرکت کریں۔
احمد اللہ جو ایک دکاندار ہیں، نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے عیدگاہ مسجد کے قریب ایک دھماکے کی آواز سنی اور اس کے بعد فائرنگ ہوئی۔‘
کابل کے ایمرجنسی ہسپتال میں زخمیوں کو پہنچایا گیا ہے۔