Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کا کاروبار، قانون کی خلاف ورزی پر سزاؤں کا نفاذ

کاروبار کے لیے اصلاح حال کی مہلت 16 فروری  2022 کو ختم ہوگی- (فوٹو سیدتی)
سعود ی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سزاؤں کا نفاذ 25 فروری 2021 سے ہوا ہے ، اس پر سات ماہ سے عمل درآمد ہو رہا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت تجارت نے کہا ہے کہ جو سعودی بھی غیرملکی کو اپنے نام سے کاروبار کرانے میں ملوث پایا جائے گا اس پر سزاؤں کا اطلاق موثر بماضی ہوگا۔ 
وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث پایا جانے والا اصلاح حال کے نام سے دی جانے والی مہلت سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔ اس کا فائدہ اس شخص کو بھی نہیں ہوگا جسے پبلک پراسیکیوشن یا سپیشل کورٹ کے حوالے کر دیا گیا ہو۔ ملوث پائے جانے پر نئے قانون میں مقرر سزا دی جائے گی اس میں کوئی کمی بیشی نہیں ہوگی۔ 
وزارت تجارت نے تاکید کی کہ تجارتی پردہ پوشی کے  جرم میں ملوث افراد کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ قانون میں مذکور انتہائی سزا دی جائے گی البتہ مقررہ سزاؤں سے وہ لوگ مستثنی ہوں گے جو اصلاح حال کی درخواست دے چکے ہوں۔ اصلاح حال کی مہلت  16 فروری  2022 کو ختم ہوگی۔ 
 وزارت تجارت نے ہدایت کی ہے کہ جو سعودی کسی غیرملکی کو اپنے نام سے کاروبار کرا رہے ہوں یا جو غیر ملکی کسی سعودی کے نام سے کاروبار کررہے ہوں وہ پہلی فرصت میں  مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے غیر قانونی کاروبار کو قانون کے دائرے میں لے آئیں جو شخص بھی غیر قانونی کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کی درخواست کرے گا اس پر کسی طرح کی کوئی سزا لاگو نہیں ہوگی۔ 
سعودی قانون کے بموجب جو غیرملکی سعودی کے نام سے اپنا کاروبار کرے گا یا جو سعودی اپنے نام سے کسی غیرملکی کو کاروبار کرائے گا اسے پانچ برس تک قید یا پچاس لاکھ  ریال تک جرمانے کی سزا ہوگی- دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جا سکتی ہیں- غیر قانونی تجارت والا سامان ضبط کر لیا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: