Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک، انسٹا، واٹس ایپ بندش: ’آپ کے پاس کاروبار کا بیک اپ پلان ہے؟‘

جسٹن نامی ٹوئٹر صارف کے مطابق ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایک ہی سرور پر رکھنا درست فیصلہ نہیں تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
فیس بک اور اس سے منسلک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور واٹس ایپ تقریباً چھ گھنٹے بندش کے بعد بعد واپس آن لائن آ چکے ہیں۔ اس دوران کمپنی کے مالک مارک زکربرگ کو سات ارب روپے کا نقصان ہوا۔
دنیا بھر میں واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد دو ارب سے زائد ہے جبکہ فیس بک کے صارفین کے تعداد دو ارب 80 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔
فیس بک کے مالک مارک زکربرگ نے انسٹاگرام 2012 میں ایک ارب ڈالر میں خریدا تھا جبکہ واٹس ایپ 2014 میں 19 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔
یہ تینوں سوشل میڈیا ایپس دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤنلوڈ کی جانے والی ایپلیکیشنز ہیں۔
ایسے میں ایک ہی کمپنی کے تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا ایک ساتھ بند ہو جانا صارفین کے لیے فکر اور پریشانی کا باعث بنا۔
سلمان مسعود نامی ٹوئٹر صارف نے اسی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسی لیے واٹس ایپ کا فیس بک کے کنٹرول میں آنا آچھا آئیڈیا نہیں تھا۔‘
جسٹن نامی صارف نے لکھا کہ ان تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ایک ہی سرور پر رکھنا درست فیصلہ نہیں تھا۔
اس بندش سے صرف عام صارفین ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ آن لائن کاروباری حضرات کو بھی تقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
آئرلینڈ میں کپڑوں کے کاروبار کے مالک نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ فیس بک کے ڈاؤن ہونے سے چند ہی گھنٹوں میں ان کی سیل پر ہزاروں ڈالر کا فرق پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ چار یا پانچ گھنٹوں کے جو ڈالرز ہیں اس سے اتنا فرق پڑتا ہے کہ ان کی دکان کا کرایہ یا بجلی کا بل ادا ہو جائے۔
اسی طرح نئی دہلی میں آن لائن فوڈ کا کاروبار کرنے والے سمیر منیر کہتے ہیں کہ ان کے پاس زیادہ تر آرڈرز ان کے فیس بک پیج یا واٹس ایپ سے آتے ہیں اور اس بندش کی وجہ سے ان کا پورا کاروبار ہی ٹھپ ہو کر رہ گیا تھا۔
’سب کچھ ڈاؤن ہے، میرا پورا بزنس ڈاؤن ہے۔‘
اسی حوالے سے ایک ٹوئٹر صارف نے سوال اٹھایا کہ ’اگر واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک واپس آن لائن نہیں آتے، تو کیا آپ کے پاس اپنے لیے یا اپنے کاروبار کے لیے کوئی بیک اپ پلان ہے؟
امریکی کانگریس کی رکن الیگزینڈرا اوکاسیو کورتیز نے اس سارے معاملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فیس بک کے اپنے حریفوں کو زیر کرنے یا خریدنے کے مشن کا جمہوریت یا آزاد معاشرے پر تباہ کن اثر ہوگا۔

’یاد رکھیں واٹس ایپ فیس بک نے نہیں بنایا تھا، بلکہ یہ ایک آزادانہ کامیابی تھی۔ فیس بک ڈر گیا اور اسے خرید لیا۔‘

 

شیئر: