خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے بلوچستاں کے علاقے ہرنائی میں زلزلے میں 23 افراد کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے پر صدر مملکت عارف علوی کو تعزیتی پیغام بھیجا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اپنے علیحدہ تعزیتی پیغامات میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر پاکستان اور زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
خیال رہے 5.9 شدت کے زلزلے کا مرکز بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے شمال مشرق میں 15 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے کی گہرائی نو کلومیٹر تھی۔
قبل ازیں سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس مشکل گھڑی میں ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ہیں‘۔
’سعودی عرب کو زلزلے کے باعث ہونے والی اموات پر انتہائی دکھ ہے۔ لوحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں‘۔
سعودی عرب کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی حکومت اور عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ اللہ تعالی زخمیوں کو جلد شفا عطا فرمائے۔
دوسری جانب پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے بھی زلزلے میں ہونے والے نقصانات پر حکومت پاکستان اور متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجتی کیا ہے۔
سفارت خانہ کے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا گیا کہ ’ یو اے ای ایمبیسی بلوچستان میں زلزلے میں ہونے والے نقصانات پر حکومت پاکستان اور متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ ہم زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔‘