Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان: تربیتی طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ، دو لاپتہ

لبنانی بحریہ، فضائیہ اور شہری دفاع سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لبنانی فوج نے اعلان کیا کہ لبنانی ایوی ایشن کلب کا ایک تربیتی طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار دو افراد لاپتہ ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق حادثے کا مقام حلات کے ساحل سے دور اور بائبلوس کے قریب ہے جہاں پائلٹ علی حج احمد اور ایک طالب علم پائلٹ پاسکل عبدالاحد کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
لبنان میں سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کے مطابق سیسنا 172 طیارہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10:06 بجے بیروت رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوا۔
20 منٹ سے بھی کم وقت کے بعد طیارہ حلات کے علاقے میں سمندر کے اوپر ایئر نیوی گیشن ریڈار سے غائب ہو گیا۔
لبنانی پلین سپورٹرز کے کرس کاشوح کے مطابق ’طیارے کے کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی پریشانی کا اشارہ دیا جو کہ عجیب بات ہے۔‘
لبنانی بحریہ، فضائیہ اور شہری دفاع سرچ آپریشن میں شامل ہیں۔
لبنان کے سول ڈیفنس کے ایک ذرائع نے بتایا کہ ’تلاش حلات ساحل سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر اور 30 سے 35 میٹر کی گہرائی میں وسیع علاقے پر مرکوز ہے۔‘
’سول ڈیفنس کے غوطہ خوروں نے علاقے میں لہروں اور تیز ہواؤں کی وجہ سے انتہائی نازک حالات میں سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔‘
غیر مصدقہ اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ عبدالاحد نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا تھا کیونکہ طیارے کے پائلٹ کی صحت خراب تھی۔
لیکن لبنان ایوی ایشن کلب کے بورڈ کے رکن مشیل عبود نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’طیارے عام طور پر کنٹرول ٹاور کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں اور جہاز میں سوار افراد کی طرف سے کوئی خرابی نہیں بتائی گئی۔‘
لبنان ایوی ایشن کلب جو 1923میں بنایا گیا تھا، لبنان کے تین ہوا بازی سیکھنے کے مراکز میں سے ایک ہے جو نجی پائلٹوں کو تربیت دیتا ہے اور لائسنس فراہم کرتا ہے۔
لبنان کے وزیر داخلہ بسام مولوی نے کشتی کے ذریعے جائے حادثہ کا سفر کیا جہاں انہیں لبنانی فوج اور سول ڈیفنس ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی۔

شیئر: