ظالما کوکا کولا پلا دے کا ری میک: ’ان کی ہمت کیسے ہوئی‘
ظالما کوکا کولا پلا دے کا ری میک: ’ان کی ہمت کیسے ہوئی‘
جمعہ 30 جولائی 2021 14:25
’ظالما کوکا کولا‘ نئی بالی وڈ فلم ’بھوج‘ میں شامل کیا گیا ہے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
پاکستان کے ایک پرانے فلمی گیت ’ظالما کوکا کولا پلا دے‘ کا نیا بالی وڈ ری میک اس وقت سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر خوب زیر بحث ہے اور اس گانے کے بارے میں صارفین کی جانب سے بحث اس کا ری میک یا پھر پاکستان کا ایک اور گانا کاپی کرنا نہیں ہے بلکہ یہ گانا ایک ’پاکستان مخالف‘ فلم کا حصہ ہے۔
اداکارہ نورا فتحی کا ان کی آنے والی فلم ’بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا’ کا تازہ ترین گانا ’ ظالما کوکا کولا‘ انٹرنیٹ پر خوب گردش کر رہا ہے اور ریلیز کے دو دن بعد ہی اسے 27 ملین سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔
تاہم یہ گانا 1986 میں پنجابی فلم ‘چن تے سوورما’ کے لیے پاکستانی گلوکارہ میڈم نور جہاں کے گائے ہوئے گانے کا ری میک ہے۔
2016 میں پاکستانی فنکاروں میشا شفیع اور عمیر جسوال نے بھی اس کو گایا تھا، تاہم نورا فتحی پر فلمایا جانے والا یہ ری میک شریا گھوشال نے گایا ہے۔
بالی وڈ کی نئی آنے والی فلم ’بھوج: دی پرائیڈ آف انڈیا‘ وطن سے محبت کے حوالے سے ایک ڈرامہ فلم ہے جس میں اجے دیوگن، سنجے دت، نورا فتحی، سوناکشی سنہا سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ ابھیشیک دودھیا کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 13 اگست کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوگی۔
گانے کے ریلیز ہونے کے بعد سے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بار پھر پاکستانی گانے کو کاپی کرنے پر بالی وڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ٹوئٹر ہینڈل رک سنہلینا نے لکھا ’ان کی ہمت کیسے ہوئی کہ ظالما کوکا کولہ پلا دے کا اتنا برا ری میک بنائیں۔‘
حال ہی میں معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی وجہ سے کوکا کولا کو ہونے والے ’اربوں ڈالر‘ کے نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے ساحل شاہ نامی صارف نے لکھا کہ ’تفریحی حقائق: یہ رونالڈو نہیں بلکہ بالی ووڈ میوزک انڈسٹری تھی، جس نے کوکا کولا کی فروخت کو تباہ کردیا تھا۔‘
انڈیا کے فلم تجزیہ نگار روہت جیسوال نے گانے کے ری میک کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ظالما کوکا کولا ناقابل برداشت ہے، خوفناک گانا ۔۔۔ ناقص دھن، خراب موسیقی، تین چار گانوں کا مکسچر، ابتدائی دھن شاہین باغ پروٹسٹ کے گانے ’ہم لڑیں گے، لڑیں گے‘ سے چرائی گئی۔ یہ گانا بھج دی پرائیڈ آف انڈیا جیسی اعلیٰ معیار کی فلم کے لیے بالکل فٹ نہیں ہے، یہ خوفناک ہے۔‘
ظالما کوکا کولہ پلا دے کے ری میک کو جہاں صارفین نے تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں کچھ صارفین نے اس موقع پر میمز کا سہارا لے کر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
صارف مادھور بجاج نے بالی ووڈ فلم ’چپکے چپکے‘ کے ڈائیلاگ کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ ’کوکا کولا کی حالت: ہم کوئی مندر کا گھنٹہ ہیں کہ کوئی بھی آ کے بجا جاتا ہے۔‘