Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی دنیا کا نوبل انعام ’مصطفیٰ پرائز‘ پاکستانی سائنس دان کے نام

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ’ایک کیمسٹ کی حیثیت سے پودوں میں موجود بے پناہ کیمیائی تنوع میں میری گہری دلچسپی ہے۔‘ (فوٹو: مصطفیٰ پرائز)
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مصطفیٰ پرائز انٹرنیشنل اسلامی دنیا میں نوبل پرائز کے ہم پلہ سمجھا جاتا ہے۔
یہ انعام اسلامی دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سائنس دانوں اور ریسرچرز کو دیا جاتا ہے۔ اس کا اجراء 2012 میں کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری یونیورسٹی آف کراچی کے انٹرنیشنل سنٹر فار کیمیکل اور بائیولوجیکل سائنسز(آئی سی سی بی ایس) میں بائیو کیمسٹ ہیں۔ نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں ان کا شمار دنیا کے نمایاں سائنس دانوں میں ہوتا ہے جن نے طبی خصوصیات رکھنے والے پودوں سے مرگی کے انسداد اور چھالوں کو روکنے والے کئی مرکبات ایجاد کیے،جن کے کلیکنکل جائزے جاری ہیں۔
ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے مصطفیٰ پرائز کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ایک کیمسٹ کی حیثیت سے پودوں میں موجود بے پناہ کیمیائی تنوع میں میری گہری دلچسپی ہے۔‘
’ہمارا اور دیگر سائنس دانوں کا کام طبی خصوصیات رکھنے والے پودوں کی اہمیت کی بنیاد پر قائم ہے۔یہ پودے نئی ادویات کا اہم ذریعہ ہیں اور اکثر کیسز میں ان کا روایتی استعمال سائنسی طور پر بھی ثابت ہے۔‘
ڈاکٹر محمد اقبال کا کہنا ہے کہ وہ گرم خطوں کے امراض اور نظر انداز کی گئی بیماریوں کے متعلق متعدد شعبوں کا حامل ایک انٹرنیشنل سنٹر قائم کریں۔
’یہ سنٹر میرے عالمی سطح کی ریسرچ کی سہولت کے خواب کو پورا کرے گا جو سٹیلائٹ لیبارٹریز کے عالمی نیٹ ورک کے ساتھ مل کر بے شمار ایسی بیماریوں کے اسباب کی تلاش کرے گا جنہیں نظر انداز کیا گیا ہے۔‘

شیئر: