پی آئی اے کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ، امتیاز بھٹو
جدہ سے جانےوالی پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کا نفاذ 26 مارچ سے ہو گا ، دن کے وقت کراچی پہنچ سکیں گے ، پہلی بار تبدیلی کی گئی ہے ،کنٹری مینجر پی آئی اے کی اردو نیوز سے گفتگو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائن کے کنٹری مینجر امتیاز بھٹو نے کہا ہے کہ صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پی آئی اے کی پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کر دی گئی ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا کہ قومی ائیر لائن کے ذریعے کراچی کے مسافروں کی سہولت کےلئے خصوصی طور پر اس امر کو مد نظر رکھا گیا ہے کہ مسافر صبح کے وقت کراچی پہنچیں تاکہ وہ مسافر جو دیگر شہروں سے تعلق رکھتے ہیں وہ دن کے وقت اپنے شہروں تک پہنچ سکیں ۔اسی طرح لاہور کے مسافروں کےلئے بھی بالخصوص پہلی بار اس کابات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ جدہ سے لاہور کے لئے روانگی دن کے وقت ہو ۔جدہ سے پاکستان کے مختلف شہروں جن میں کراچی ، لاہور ، اسلام آباد ، پشاوروغیر ہ شامل ہیں کےلئے جانے والی پروازوں کے شیڈول کو تبدیل کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کل بروز اتوار 26 مارچ سے ہوگا۔ پروازوں کے اوقات کی تبدیلی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے امتیاز بھٹو نے مزید کہا کہ جدہ سے کراچی کےلئے ہفتے میں 8 پروازیں جاتی ہیں جن میں اتوار ، پیر ، بدھ ، جمعرات اور جمعہ کو جانے والی پروازیں مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بجکر 50 منٹ پر روانہ ہو نگی جبکہ کراچی کےلئے ہی بروز ہفتہ جانے والی پرواز کا وقت 12:10 اور منگل کوکراچی کےلئے پرواز کا وقت دوپہر 1 بجکر 50 منٹ مقرر کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو سہولت ہو ۔ اسی طرح لاہور کےلئے جدہ سے ہفتہ میں 6 پروازیں جاتی ہیں جو دوپہر 12 سے 2 بجے کے درمیان روانہ ہونگی۔ اسلام آباد کےلئے جدہ سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 5 ہے جو مقامی وقت کے مطابق رات کے 10 بجے روانہ ہونگی جو پاکستان کے وقت کے مطابق صبح کو اسلام آباد لینڈ کریں گے ۔ اسی طرح ملتان کےلئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد3 ہے جن میں سے 2 پروازیں جمعہ اور اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 9:15 پر روانہ ہونگی جبکہ ہفتہ وار تیسری پرواز منگل رات کو 10 بجے اڑے گی ۔ پشاور کےلئے ہفتہ میں 2 پروازیں ہیں جو مقامی وقت کے مطابق صبح 3:50 پر روانہ ہو نگی ۔ فیصل آباد کےلئے منگل اور جمعرات کو صبح 7:40 اور 8 بجکر 25 منٹ پرروانہ ہونگی ۔ سیالکوٹ کےلئے جدہ سے روانہ ہونے والی قومی ائیر لائن کی ہفتے میں 2 پروازیں مقررہیں جن کا وقت رات 10 بجکر 15 منٹ اور دوسری پرواز جو بروز جمعہ روانہ ہو تی ہے اس کا وقت سہ پہر 3 بجکر 15 منٹ مقرر کیا گیاہے ۔ پی آئی اے کے کنٹری مینجر کاکہنا ہے کہ قومی ائیر لائن اپنے صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین خدمات کی فراہمی کی جانب گامزن ہے جس کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔