روٹی کے وزن میں کمی، جدہ میں بیکریوں کے خلاف کارروائی
مختلف بیکریوں پر جرمانے کیے گئے- (فوٹو: الوطن)
سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے شہر کے مختلف علاقوں کی بیکریوں پر اچانک چھاپے مارے اور کئی پر جرمانے بھی کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے انسپکٹرز اور دیگر اہلکاروں نے تفتیشی کارروائی کے دوران بیکریوں میں تیار کی جانے والی روٹی اور سمولی کا معائنہ کیا اور وزن چیک کیا-
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ صارفین سے شکایات موصول ہورہی تھیں کہ کچھ بیکریوں نے روٹی اور سمولی کے وزن میں کمی کی ہوئی ہے اور مالکان یہ سب زیادہ منافع کی لالچ میں کررہے ہیں۔
میونسپلٹی کے مطابق تفتیشی کارروائی کے دوران کچھ بیکریوں کی شکایات درست نکلیں جبکہ بعض بیکریوں میں مقررہ قواعد کے مطابق کاغذ کی تھیلیاں دستیاب نہیں تھیں، اس پر جرمانے کیے گئے۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا تھا کہ کچھ بیکریوں میں صفائی کا بھی بہتر انتظام نہیں تھا- اس حوالے سے جرمانے کیے گئے ہیں۔
میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے بتایا کہ اطلاع ملی تھی کہ بازار میں کم وزن کی روٹی اورسمولی فروخت کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ روٹی اور سمولی کا وزن کم از کم 510 گرام مقرر ہے جس کی قیمت ایک ریال مقرر ہے۔ اس سے کم وزن کی قطعا اجازت نہیں۔ بیکریوں کے مالکان نے حالیہ دنوں میں روٹی کے سائز اور وزن میں تبدیلی کردی ہے۔ اسی طرح کچھ بیکری مالکان روٹیوں کی تعداد یا وزن میں کمی کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے روٹی کے لیے کاغذ کی تھیلیوں کی فراہم کی ہدایت ہے لیکن بیکری مالکان پلاسٹک کی تھیلیاں رکھے ہوئے ہیں۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سامنے آئے تو میونسپلٹی کو شکایات نمبر 940 پر مطلع کیا جائے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں