طائف.... پلاسٹک تھیلیوں میں روٹی پیک کرنے کی خلاف ورزیوں پر متعد د بیکریوں کو عارضی طور پر بند کر کے انکے خلاف جرمانے عائد کر دیئے گئے ۔ بلدیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاسٹک تھیلی میں گرم روٹی پیک کرنا خلاف قانون ہے ۔ اس حوالے سے ادارہ امور صحت نے بلدیہ کو ہدایت کی تھی جس پر تمام ہوٹلوں اور روٹی فروخت کرنے والے تندوروں کو پلاسٹک تھیلیوں میں روٹی فروخت کرنے کی ممانعت کر دی گئی تھی ۔ عکاظ اخبار کے مطابق بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم بیکریوں اور تندور مالکان کو متعدد بار متنبہ کیا تھا کہ وہ گرم روٹیوں کو پلاسٹک تھیلی میں پیک نہ کریں ۔خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والوں پر جرمانے عائد کئے جائیں گے ۔ اس ضمن میں بلدیہ نے پلاسٹک کی جگہ کاغذ کے تھیلے متعارف کروانے کی بھی ہدایت کی تھی ۔ ریجنل بلدیہ کے ذمہ دارنے بتایا کہ تفتیشی ٹیموں نے طائف شہر میں متعدد بیکریوں ، فاسٹ فوڈ کی دکانوں، تندوروں اور کیفے ٹیریا پر چھاپے مارے تاکہ ا س امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ قانون پر عمل درآمد کس طرح کیا جارہا ہے ۔ ذمہ دار کا کہنا تھا کہ تفتیشی ٹیم نے 60 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کرکے مالکان پر جرمانے عائد کردیئے۔