تاج محل سے لے کر مائیکل جیکسن تک، کٹنگ کے منفرد انداز
تاج محل سے لے کر مائیکل جیکسن تک، کٹنگ کے منفرد انداز
بدھ 20 اکتوبر 2021 9:56
پہلے دونوں بھائی مفت میں لوگوں کے بالوں پر سٹال بناتے تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا میں ایک چھوٹا سا علاقہ ہے جہاں بالوں کا سٹائل صرف ٹرم یا کریو کٹ تک محدود نہیں، بلکہ بالوں کو اس طرح سے کاٹا جاتا ہے کہ سر پر باقائدہ آرٹ نظر آتا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق راجوندر سنگھ سدھو اور گروندر سنگھ سدھو وہ دو بھائی ہیں جو انڈیا کی ریاست پنجاب کے علاقے ڈبوالی میں بالوں کو اس طرح سے کاٹتے ہیں کہ کسٹمرز کی پسند کی تصاویر ان کے سر پر بن جاتی ہیں۔
تاج محل سے لے کر مشہور گلوکار مائیکل جیکسن تک، یہ دو بھائی ٹمرز، قینچی، پینسل اور دیگر آلات کی مدد سے یہ ممکن بناتے ہیں۔
دونوں بھائیوں میں سے چھوٹے والے راجوندر نے روئٹرز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’شروع میں ہمیں جو بھی مل جاتا ہم اس کے بال مفت میں کاٹ دیتے تھے تاکہ ہم اپنا ہنر بہتر بنا سکیں۔ کچھ دن تو ہم رات دو بجے تک کام کرتے تھے کیونکہ دن کے وقت ہم سیلون کا عام کام کرتے تھے۔‘
آج کل 29 اور 31 برس کے یہ دونوں بھائی اپنے خاص ہیئر کٹس کے لیے دو سے ڈھائی ہزار تک لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا کاروبار انڈیا سے باہر بھی لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کے پاس آنے والے کسٹمر کبھی بالی وڈ کے مشہور سٹارز کی شکلیں اپنے سر پر بنوانے کی درخواست کرتے ہیں تو کبھی مکی ماؤس جیسے کارٹون یا مشہور کھلاڑیوں کے چہرے۔
دونوں بھائیوں کے سیلون میں دن بھر کسٹمرز کا تانتا بندھا رہتا ہے۔
یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے اوپر کچھ منفرد کروانا چاہتے ہیں لیکن ٹیٹو جیسا کچھ نہیں جو ہمیشہ رہے۔
سیلون میں دربار سنگھ نامی ایک کسٹمر نے اپنا ہیئرکٹ دکھاتے ہوئے بتایا کہ ’آج میں سے اپنے سر پر تاج محل بنوایا ہے۔ یہ ایک خوبصورت یادگار ہے اور اپنے سر پر اس کی تصویر کے ساتھ میں بھیڑ میں بھی الگ نظر آؤں گا۔‘