Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی سپورٹ اور تیل کی خریداری کے لیے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر دے گا

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے ایک معاشی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے۔
سعودی ترقیاتی فنڈ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں میں سپورٹ اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے گا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ نے منگل کو بیان میں کہا ہے کہ ’شاہی ہدایت پر فنڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے جائیں گے تاکہ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستانی حکومت درپیش مسائل کا سامنا کرسکے۔‘
سعودی ترقیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق پاکستان کو تیل کے کاروبار کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا فنڈ بھی ایک سال کے دوران فراہم کیا جائے گا-‘
سعودی ترقیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ ’یہ شاہی ہدایات برادر ملک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے- مملکت ہمیشہ کی طرح اب بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کررہی ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت ماضی میں بھی پاکستان کو نہ صرف مالی مدد فراہم کرتی رہی ہے بلکہ تاخیر سے ادائیگی پر تیلی کی فراہمی بھی یقینی بناتی رہی ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات فود چوہدری نے سعودی عرب کی طرف سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کرنے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
منگل کی رات ایک ٹوئٹر بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے سال کے دوران ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مالی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر 23 سے 25 اکتوبر تک سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا تھا۔ 
اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے منعقد کی گئی مڈل ایسٹ گرین انیشیٹیو کانفرنس میں شرکت کی تھی۔
سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے گذشتہ پیر کو ریاض میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر سعودی ویژن 2030 کے لیے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے گرین سعودی عرب فورم اور گرین مشرق وسطیٰ سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد بھی دی۔
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے بردرانہ تعلقات اور پاکستان کی جانب سے ان تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد اور تعاون پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بڑھانے پر بھی زور دیا دیا گیا۔
یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فروری 2019 میں دورہ پاکستان کے موقع پر مختلف منصوبوں کے تحت 20 ارب ڈالر کے معاہدے طے پائے تھے۔
 یہ معاہدے ایسے وقت میں سامنے آئے تھے جب پاکستان شدید معاشی مشکلات سے دوچار تھا اور اس کی کرنسی عالمی منڈی میں تیزی سے انحطاط کا شکار تھی۔ 
وفاقی وزیر پاور ڈویژن حماد اظہر نے سعودی عرب کی جانب سے معاشی امداد کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
بدھ کی صبح اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں تین ارب ڈالر جمع کرانے سے ہماری تجارت اور فاریکس اکاؤنٹس پر دباؤ کم ہوگا۔‘

شیئر: