چوبیس گھنٹے میں کورونا کے 55 نئے مریض، فعال کیسز میں کمی
کورونا کے فعال کیسز میں سے 64 مریضوں کی حالت نازک ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں بدھ 27 اکتوبر کو کورونا کے 50 سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد میں کمی آئی ہے۔
بدھ کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 55 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 42 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 3 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر آٹھ ہزار 785 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز میں سے 64 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
اب تک پانچ لاکھ 48 ہزار 423 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے پانچ لاکھ 37 ہزار 418 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک چار کروڑ 56 لاکھ 38 ہزار 920 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔