مغرب نے 20 سال پاکستان کا منفی تشخص پیش کیے رکھا: معید یوسف
جمعرات 28 اکتوبر 2021 10:30
معید یوسف نے کہا کہ ’پاکستان حقائق پر مبنی قومی بیانیے پر یقین رکھتا ہے‘ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم عمران خان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف کا کہنا ہے کہ ’مغرب نے بیس بائیس سال پاکستان کا منفی تشخص پیش کیے رکھا، جب بھی امریکہ سے اہم افراد پاکستان دورہ کرتے ہیں تو واپسی پر ان کا پاکستان سے متعلق نظریہ مثبت ہوتا ہے۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں قومی بیانیے سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ ’پاکستان حقائق پر مبنی قومی بیانیے پر یقین رکھتا ہے، ہمیں اپنے حقیقی قومی بیانیے تو دنیا کے سامنے رکھنے کے لیے میڈیا کی جدتوں کے ساتھ چلنا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا ہمسایہ جعلی ویب سائٹس کے ذریعے جھوٹ پر مبنی بیانیہ اپنائے ہوئے ہے، انڈیا کا جعلی خبروں پر مبنی بیانیہ آشکار ہو چکا ہے۔‘
معید یوسف کے بقول ’ہمیں قومی طور پر میثاق معیشت اور میثاق سلامتی پر متفق ہونا ہوگا۔ ہمیں قومی بیانیے کی تشکیل کے لیے مختلف متعلقہ اداروں میں ہم آہنگی لانا ہوگی۔‘