آرامکو تیسری سہ ماہی میں دنیا کی سب سے زیادہ منافع کمانے والی کمپنی
اتوار 31 اکتوبر 2021 10:46
آرامکو کی فروخت میں بھی 80 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 96 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو تیسری سہ ماہی میں دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش کمپنی بن گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آرامکو نے گوگل، ایمیزون اور ایپل جیسی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ توانائی کی کمپنیوں ایگزون موبل اور شیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بدولت الظهران میں مقیم کمپنی نے اتوار کو اطلاع دی کہ تیسری سہ ماہی میں اس کی خالص آمدنی ایک سال پہلے کے مقابلے میں 158 فیصد بڑھ کر 30 اعشاریہ چار ارب ڈالر ہو گئی، جو گذشتہ برس اا اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر تھی۔
آرامکو کی فروخت میں بھی 80 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 96 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
آرامکو کے صدر اور سی ای او امین ناصر نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ 'ہماری تیسری سہ ماہی کی غیر معمولی کارکردگی کلیدی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی اقتصادی سرگرمیوں اور توانائی کی طلب میں اضافے، نیز ہماری منفرد کم لاگت کی پوزیشن، ہمارا مالیاتی نظم و ضبط اور قابل اعتماد طریقے سے ضروری توانائی اور کیمیائی مصنوعات اپنے صارفین تک پہنچانے کی ہماری ثابت شدہ صلاحیت کا نتیجہ تھی۔'
' جزوی طور پر سپلائی چین کی رکاوٹوں کی وجہ سے عالمی معیشت کے لیے اب بھی کچھ مشکلات موجود ہیں لیکن ہم پرامید ہیں کہ مستقبل قریب میں توانائی کی طلب اچھی سطح پر برقرار رہے گی۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'آگے دیکھتے ہوئے ہم طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے اپنی حکمت عملی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔'
'ہم 2050 تک اپنے مکمل ملکیتی اثاثوں میں خالص صفر دائرہ کار 1 اور اسکوپ 2 گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو حاصل کرنے کے اپنے حال ہی میں اعلان کردہ عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے کم لاگت اور کم کاربن کی شدت کی کارکردگی کے اپنے ٹریک ریکارڈ کو آگے بڑھائیں گے۔'