فالکن میلے میں اب تک 70 لاکھ ریال کا کاروبار
اتوار 31 اکتوبر 2021 10:56
’میلے کے 22 ویں دن 5 باز فروخت ہوئے جن کی مجموعیت مالیت 6 لاکھ 30 ہزار ریال تھی‘ (فوٹو: واس)
ریاض میں فالکن میلے کا دوسرا ایڈیشن جاری ہے جہاں اب تک 70 لاکھ ریال کا کاروبار ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فالکن میلہ 15 نومبر تک جاری رہے گا جس میں بازوں کی نیلامی کے علاوہ کے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’فالکن میلے کے 22 ویں دن 5 باز فروخت ہوئے جن کی مجموعیت مالیت 6 لاکھ 30 ہزار ریال تھی‘۔
’ان میں سے پہلا باز دولاکھ 50 ہزار میں فروخت ہوا جس کی لمبائی 15.50 انچ اور چوڑائی 15.4 انچ ہے‘۔
’مذکورہ باز کا وزن 1045 گرام ہے۔ اس پر کم وبیش ایک گھنٹے تک بولیاں لگتی رہیں اور بالآخر اسے دو لاکھ 50 ہزار ریال پر فروخت کردیا گیا‘۔
’اسی طرح دوسرا باز 78 ہزار ریال میں فروخت ہوا جبکہ تیسرا ایک لاکھ 10 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا‘۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’باز فروخت کرنے والوں کو انتظامیہ کی طرف سے مختلف سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں‘۔
’فروخت ہونے والے بازوں کو سرٹیفیکیٹ اور الیکٹرانک ٹریکر مفت دیا جاتا ہے‘۔