Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کھلاڑی نمیبین ڈریسنگ روم میں، ’میچ کے ساتھ دل بھی جیت لیے‘

شاہین شاہ آفرید اور محمد حفیظ نمیبین کھلاڑی ڈیوڈ ویزے کو بلکل اپنوں کے طرح ٹریٹ کررہے ہیں۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
پاکستان نے نمیبیا کو ٹی 20 ورلڈکپ کے ایک میچ میں 45 رنز سے شکست دے کر اس میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے، لیکن ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی جیت کی خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ ہارنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کو بھی اپنا فرض سمجھا۔
میچ کے بعد پاکستانی ٹیم کے سٹار کھلاڑی منیجر منصور عالم کے ساتھ نمیبین ٹیم کے ڈریسنگ روم میں پہنچ گئے اور تمام کھلاڑیوں کو نہ صرف گلے سے لگایا بلکہ ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
ڈریسنگ روم میں دروازہ کھٹکھٹا کر سب سے پہلے ٹیم کے مینیجر منصور عالم داخل ہوئے اور انٹرنیشنل کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والی نئی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔
منصور عالم نے نمیبین ٹیم کو مخاطب کرکے کہا کہ ’آپ سب کو اس ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد۔ آپ سب نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور بہترین کرکٹ کھیلی ہے اور ہم آپ سب کا بہت اچھا مستقبل دیکھ رہے ہیں۔‘
اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے سٹار کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، محمد حفیظ، فخر زمان اور شاداب خان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھلاڑی ایک دوسرے سے بغل گیر ہورہے ہیں اور نمیبین کھلاڑی پاکستانی پلیئرز کے ساتھ تصاویر بھی بنوارہے ہیں۔
دوسری طرف محمد حفیظ نمیبین بیٹسمینوں کو بیٹنگ ٹپس دیتے ہوئے بھی نظر آئے۔
سوشل میڈیا صارفین نمیبین ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کو خوب داد دے رہے ہیں۔
فائزہ داؤد نامی صارف نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’گیمز کے ساتھ دل بھی جیت رہے ہیں، مجھے پاکستانی ٹیم پر فخر ہے۔‘

سابق جنوبی افریقی آل راؤنڈر اور نمیبیا کے کوچ البی مورکل نے بھی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ پاکستانی ٹیم کے نمیبین ٹیم کے چینج روم آنے پر ان کے مشکور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نمیبیا کی ٹیم نے آپ کی ٹیم کے خلاف کھیل کر واقعی انجوائے کیا۔‘
پاکستان ٹیم کے اس انداز نے عمار نام صارف کو جنید جمشید کے ایک گانے کی یاد دلا دی۔
انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’جب جنید جمشید نے کہا تھا کہ ’آنے والے دور کے انساں ہم سے جینا سیکھیں گے‘، وہ ہماری ٹیم کی بات کررہے تھے۔‘

کرکٹ کے شوقین لوگوں کو یہ بات تو پتہ ہی ہے کہ نمیبیا کے سب سے مشہور کھلاڑی ڈیوڈ ویزے ہیں اور پاکستانیوں میں وہ اس لیے بھی مقبول ہیں کیونکہ وہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی فرینچائز سے کھیلتے ہیں۔
موجودہ پاکستان ٹیم میں چار کھلاڑی محمد حفیظ، حارث رؤف، فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی ہیں جو ڈیوڈ ویزے کے ساتھ لاہور قلندرز میں کھیلتے ہیں۔
صارفین ڈیوڈ ویزے کی ان تینوں کھلاڑیوں سے محبت پر بھی تبصرے کررہے ہیں۔

فوٹو: ویڈیو سکرین شاٹ

عبداللہ نامی صارف نے کہا کہ شاہین شاہ آفرید اور محمد حفیظ نمیبین کھلاڑی ڈیوڈ ویزے کو بلکل اپنوں کے طرح ٹریٹ کررہے ہیں۔

شیئر: