پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں: فواد چوہدری
جمعرات 4 نومبر 2021 14:08
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان کی آزادی کے ساتھ ہی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا آغاز ہوگیا تھا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں سعودی سفارت خانے میں ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔‘
’سعودی عرب کے ساتھ ہمارے سیاسی، معاشی اور تزویراتی تعلقات ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہر پاکستانی کا سعودی عرب کے ساتھ عقیدت اور احترام کا رشتہ ہے،
’مشکل وقت میں سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مالی معاونت کی، سنہ 2005 کے زلزلے میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی بھرپور امداد کی۔‘
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’شاہ سلمان ریلیف فنڈ کے ذریعے فلاحی کام قابل تحسین ہیں، ونٹر ریلیف پراجیکٹ کے ذریعے غریب طبقے کو چھت میسر آئے گی۔‘