سعودی عرب پاکستان کو تیل کی خریداری کے لیے 3.6 ارب ڈالر دے گا: شوکت ترین
وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو خام تیل کی خریداری کے لیے 3.6 ارب ڈالر فراہم کرنے پر راضی ہو گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں شوکت ترین کا کہنا تھا سعودی آئندہ دو سالوں کے دوران پاکستان کو ماہانہ بنیادوں پر تین ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا مطابق پاکستان کو سعودی عرب سے ماہانہ ڈیڑھ کروڑ ڈالر ملیں گے جنہیں صرف تیل خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
خیال رہے جمعرات کو شوکت ترین نے کہا تھا سعودی عرب ایک بار پھر مؤخر ادائیگی پر پاکستان کو تیل فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین نے قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ ’سعودی عرب کے ساتھ تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے۔ دو سے تین روز میں تفصیلات سامنے آجائیں گی۔‘
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان نے سعودی عرب سے مؤخر ادائیگی پر تیل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی آ رہی ہے اور تجارتی خسارے کی وجہ سے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔