ریاض میں بینکوں کے باہر مسلح ڈکیتی کرنےوالا 3 رکنی گرفتار
ملزمان میں 2 ایتھوپین اور ایک سوڈانی ہے، 5 لاکھ ریال لوٹ چکے ہیں ، لوٹی گئی رقم آپس میں تقسیم کر لیتے تھے ، پولیس
جدہ ( ارسلان ہاشمی) ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسلح ڈکیتی کرنے والے 3 رکنی گروہ کر گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزمان میں 2 ایتھوپین اور ایک سوڈانی ہے ۔ پولیس کی جانب سے اردو نیوز کو جاری کی جانے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ریاض ریجن کے مختلف علاقوں میں بینکوں سے رقوم لیکر نکلنے والوں کو مسلح ڈکیتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے علاقوں کی خفیہ طورپر نگرانی شروع کر دی ۔ پولیس اہلکار مسلح ڈکیتی کے ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔ ملزمان کے طریہ واردات کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس ترجمان نے کہا کہ ملزمان نے 6 ڈکیتیو ں کا اعتراف کر لیا ۔ وہ لوگ بینکو ں کے باہر کھڑے ہوتے تھے جوں ہی کوئی شخص بینک سے رقم لیکر نکلتا وہ اس پر حملہ آور ہو جاتے اور اس سے رقم چھین کر فرار ہو جاتے ۔ ملزمان نے اعترافی بیان میں مزید کہا کہ انہو ںنے مختلف گاڑیوں کے شیشے توڑ کر اس میں رکھا ہوا قیمتی سامان بھی چرایا ۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہو کہ ملزمان اب تک 5 لاکھ ریال لوٹ چکے تھے ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں تحقیقاتی ادارے کے سپرد کر دیا گیا ۔