غزہ متاثرین کے لیے ہزاروں پاؤنڈ جمع کرنے والی برطانوی لڑکی
عامرہ حاجی نے اس پروجیکٹ اصل ہدف یعنی 600 پاؤنڈز سے کہیں زیادہ رقم جمع کی۔ (فوٹوؒ سپلائیڈ)
ایک 10 سالہ برطانوی لڑکی نے برطانیہ کے بلند ترین پہاڑوں میں سے ایک بین نیوس پر چڑھ کر غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے ہزاروں پاؤنڈ جمع کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شمالی انگلینڈ کے قصبے بولٹن سے تعلق رکھنے والی عامرہ حاجی نے چیریٹی کے لیے 1340 میٹر اونچا پہاڑ (جو ویلز کا سب سے اونچا پہاڑ ہے) سر کیا اور پینی اپیلز کے ’لو فلسطین پروجیکٹ‘ کے لیےچار ہزار چار سو 68 پاؤنڈز اکٹھے کیے۔اس نے اس پروجیکٹ اصل ہدف یعنی 600 پاؤنڈز سے کہیں زیادہ رقم جمع کی۔
عامرہ حاجی نے جو رقم اکٹھی کی ہے وہ فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں غذائیت سے بھرپور خوراک کے پارسلوں کی تقسیم، کاشت کاروں کو زیتون کے کھیتوں کی کاشت اور توسیع میں مدد اور چھتوں پر باغات بنانے کے لیے استعمال ہو گی جو خواتین کی آمدنی کا ایک پائیدار ذریعہ بنیں گے۔
عامرہ حاجی نے کہا کہ ’ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہر روز دسترخوان پر مزیدار کھانا ملتا ہے اور ہمیں گندا پانی پینے اور بیمار ہونے کی فکر نہیں ہوتی۔‘
’وہ تمام چھوٹی اور بڑی چیزیں جنہیں ہم دن کے ہر لمحے میں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں وہ چیزیں ہیں جن کا فلسطین کے لوگ افسوس کے ساتھ صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں اور ان کی خواہش کر سکتے ہیں۔‘
مسلم چیریٹی کے چیلینجز کے سربراہ ہارون موطا نے عرب نیوز کو بتایا کہ پینی اپیل کی طرف سے بلائے گئے دیگر رضاکاروں کے ساتھ ٹریکنگ اور عامرہ حاجی کی کوششیں ’متاثر کن تھیں۔‘
’ہمیں عامرہ پر اور اس نے جو کچھ حاصل کیا ہے اس پر بہت فخر ہے۔ اسے اپنی کم عمری میں بہت زیادہ عزائم کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے دیکھنا بہت امید افزا ہے۔ وہ بہت سے لوگوں کو متاثر کرے گی اور وہ ہمارا مستقبل ہے۔