Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی مصورہ کے شاہکار پورٹریٹ میں غزہ کی خواتین کی منظر کشی

یہ تصور بین الاقوامی بیلے ڈانسر اور ان کی 11 سالہ بیٹی سے ملا۔ (فوٹو روئٹرز)
فلسطینی مصورہ عبیر جبریل کی تصاویر میں بیلےڈانسر کو خاردار تاروں میں جکڑے ہوئے، پتھروں پر ناچتے ہوئے اور مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ عبیر اسے غزہ میں خواتین کی ' ٹک ٹک کرتے بم ' کی حقیقت کہتی ہیں۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق 35 سالہ عبیر جبریل کو امید ہے کہ ان کی تصاویر غزہ میں خواتین کو درپیش سماجی اور سیاسی مسائل کی طرف توجہ دلائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ غزہ جو 20 لاکھ افراد کے رہنے کی جگہ ہے جو آج جنگوں اور معاشی پابندیوں کی وجہ سے تباہ حالی کا شکار ہے۔

یہ شاہکار یورپی اور عرب ممالک کی گیلریوں میں آویزاں کیے گئے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

عبیر جبریل جو فرانسیسی فنکار ڈیگاس سے متاثر ہیں، انہوں نے کہا کہ بیلے ڈانسر کو منتخب کرنے کی میری وجہ یہ ہے کہ میں اسے خوبصورتی اور طاقت کی علامت کے طور پر دیکھتی ہوں۔
عبیر نے کہا کہ  یہ  تصویر ظاہر کرتی ہے کہ عورت کیا محسوس کرتی ہے، کیسے زندگی گزارتی ہے، کیسے حالات کا سامنا کرتی ہے اور وہ کس طرح زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے اور ناظرین کو دکھاتی ہے کہ وہ غزہ میں کیا محسوس کرتی ہے۔
فلسطینی مصورہ کی تصویر میں ایک رقاصہ کو دکھایا گیا ہے جس کے پاؤں خاردار تاروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ ایک اور پتھروں پر قدم رکھ رہی ہے جبکہ تیسری خاتون اپنے جسم کو دستی بم میں لپیٹے ہوئے ہے۔
عبیر جبریل کا کہنا ہے کہ مرد اور عورت دونوں زنجیروں میں جکڑے ہوئے  اورکسی کے قبضے میں ہیں۔

یہ تصاویر غزہ میں خواتین کو درپیش مسائل پر توجہ دلائیں گی۔ (فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے بتایا کہ ان کی تصاویر اس بات کی بھی عکاسی کرتی ہیں کہ عورتیں مردوں کے زیر تسلط کس طرح متاثر ہیں اور ان مسائل پر کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرد اور عورت غزہ میں ٹک ٹک کرتے بم پر رہتے ہیں اور نہیں جانتے کہ آگے کیا ہوگا۔
عبیر نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنی تصاویر کا تصور بین الاقوامی بیلے ڈانسر اور ان کی 11 سالہ بیٹی مایا سے ملا جو بیلے ڈانس کرتی ہے۔
فلسطینی مصورہ  کے بنائے گئے شاہکار چند یورپی اور عرب ممالک کی گیلریوں میں آویزاں کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب یہ تصاویرغزہ کے باہر آویزاں کی گئیں اور میں وہاں نہیں جا سکی تو مجھے بہت مایوسی ہوئی۔ مجھے اپنی ان تصاویر کے ساتھ کھڑی ہو نے کی بہت امید تھی۔
 

شیئر: