Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری نے شعیب اختر اور نعمان نیاز میں صلح کرا دی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ مبصر شعیب اختر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔
سنیچر کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دونوں افراد کے درمیان ایک ٹویٹ کے ذریعے صلح کی تصدیق کی۔
فواد چوہدری نے شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں ’اختتام اچھا ہو تو سب اچھا‘ کہا وہیں مزید لکھا کہ ’بات اتنی نہیں تھی کہ اس پر اتنی گفتگو ہوتی لیکن کیا ہے کہ سوشل میڈیا اب اتنا بڑا ہے کہ چھوٹی باتیں بھی بڑی ہوجاتی ہیں۔‘

شعیب اختر اور پی ٹی وی سپورٹس کے شو ’گیم آن ہے‘ کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی تھی جب ٹی وی میزبان نے ٹی20 ورلڈ کپ میچ کے دوران ایک لائیو پروگرام سے شعیب اختر کو چلے جانے کا کہا تھا۔
ابتدائی معاملے کے اگلے روز سرکاری ٹیلی ویژن کے سپورٹس چینل پر پروگرام ’گیم آن اے‘ نشر نہیں ہوسکا تھا۔ معاملے سے متعلق افراد کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن میزبان نے پروگرام کی ریکارڈنگ ہی نہیں ہونے دی۔
اس کے بعد جہاں شعیب اختر نے ٹی وی شو سے علیحدگی اختیار کر لی تھی وہیں معاملے کی تحقیق کے لیے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تھی جس نے ’دونوں کو پروگرام سے آف ایئر کر دیا تھا۔‘

یہ اعلان سامنے آنے پر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ تو خود پروگرام چھوڑ چکے ہیں، انہیں کوئی کیسے آف ایئر کر سکتا ہے۔
سنیچر کو ہونے والی پیشرفت کے متعلق شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’اسی روز نعمان نیاز کو معاف کر دیا تھا اگر وہ اسی رات معافی مانگ لیتے تو بات اتنا آگے نہ بڑھتی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ معاملہ آپ کی مرضی کے مطابق حل ہوگا اور ایسا ہی ہوا ہے۔ نعمان نیاز کے لیے دل میں کچھ نہیں ہے سب کچھ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے صلح کے حوالے سے خود تو کوئی ٹویٹ نہیں کی البتہ ان کے پرسنل اکاؤنٹ سے ایک ایسی ٹویٹ کو ریٹویٹ کیا گیا جس میں ’فواد چوہدری کی جانب سے صلح میں کردار ادا کرنے‘ کا ذکر کیا گیا تھا۔

البتہ ایک مختصر ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’شعیب اختر میں انتہائی معذرت چاہتا ہوں، جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ 30 برسوں کا تعلق ہے اسے ختم نہیں ہونا چاہیے۔‘
پی ٹی وی کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر جاری کردہ اپ ڈیٹ میں تصدیق کی گئی کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے گھر بلا کر ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان صلح کرا دی ہے۔ ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے معذرت کرلی۔

شیئر: