سعودی وزیر داخلہ کی جی سی سی وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت
سعودی وزیر داخلہ کی جی سی سی وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت
پیر 15 نومبر 2021 5:21
شاہ سلمان اور ولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا (فوٹو ایس پی اے)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) میں شامل ممالک کے وزرائے داخلہ کا 38 واں اجلاس بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہوا ہے۔
اتوار کو ہونے والے اجلاس کی صدارت بحرین کے وزیر داخلہ شیخ راشد آل خلیفہ نے کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب کیا۔
انہوں نے خلیجی وزرائے داخلہ کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’خلیجی ممالک کا امن واستحکام دنیا بھر میں ضرب المثل بن چکا ہے۔ خلیجی ممالک کے قائدین کی حکمت و فراست، دہشت گردی، جرائم سے نمٹنے، منشیات کے انسداد اور امن و امان میں خلل اندازی پیدا کرنے والے عناصر سے نمٹنے کی کوششوں میں بھرپور تعاون کی بدولت ممکن ہوا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے ہماری ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔ سیکیورٹی اداروں کے لیے لازم ہو گیا ہے کہ وہ مزید کام کریں اور بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں تاکہ مستقبل زیادہ سے زیادہ محفوظ ہو اور ترقی ْوخوشحال کا کاررواں آگے بڑھتا رہے‘۔
سعودی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ’ امن و امان کے حوالے سے کئی چیلنج درپیش ہیں۔ مختلف شکل وصورت کے جرائم ، منشیات کی سمگلنگ، دہشتگردی، داراندازی جیسے مسائل کا تقاضا ہے کہ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے‘۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’ امن و امان کے حوالے سے ہر چیلنج پر پورا اتریں گے‘۔