او آئی سی کی برکینا فاسو میں دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت
متاثرہ خاندانوں اور برکینافاسو کے عوام سے ہمدردی کا اظہار اور تعزیت کی۔ (فوٹو عرب نیوز)
اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) نے شمالی برکینا فاسو میں دہشت گردانہ حملے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ اس حملے میں ملٹری پولیس کے 20 اہلکار اور ایک شہری ہلاک ہوا ہے جب کہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے برکینا فاسو کی حکومت، متاثرہ خاندانوں اور مغربی افریقی ملک کی عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار اور تعزیت کی۔
انہوں نے اتوارکے روز ملٹری پولیس کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دریں اثنا سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین نے ایسے دہشت گردانہ حملوں سے نمٹنے کے لیے برکینا فاسو کی حکومت کی کوششوں کے لیے او آئی سی کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔