افغانستان میں امن مشن کی قیادت جاری رکھیں گے: او آئی سی
افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے(فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے طالبان سمیت افغانستان کے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ ’وہ افغان عوام کے مفاد کو سب سے اوپر رکھیں۔ جان و مال کی سلامتی کو یقینی بنائیں اور تشدد ترک کریں‘۔
او آئی سی کا کہنا ہے کہ ’افغان عوام کی آرزوئیں پوری کرنے، امن و استحکام، باوقار اور خوشحال زندگی کے حوالے سے ان کی امنگیں پوری کرنے کے لیے امن قائم کریں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے بیان میں کہا کہ’افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔اسلامی تعاون تنظیم افغانستان میں جلد از جلد امن وامان کی بحالی چاہتی ہے‘۔
او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے اس عزم کا پھر اظہار کیا کہ اسلامی تعاون تنظیم، افغانستان میں امن مشن کی قیادت جاری رکھنے کی پابند ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ او آئی سی آزمائش کی اس گھڑی میں افغانستان کے ساتھ ہے۔