کنگ سلمان ریلیف اور ڈبلیو ایف پی پاکستان میں مستحق افراد کو خوراک فراہم کریں گے
روم میں ڈبلیو ایف پی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے موقع پر اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اور اقوام متحدہ کے عالمی خوراک پروگرام (ڈبلیو ایف پی) نے پاکستان میں مستحق افراد کو غذائی امداد فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے منگل کو اس معاہدے کی اطلاع دی ہے۔
کنگ سلمان ریلیف کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ اور ڈبلیو ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ بیسلی نے روم میں ڈبلیو ایف پی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے موقع پر تعاون کے اس معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ کوششیں پاکستان کے شمالی خطے کے 14 علاقوں پر مرکوز ہوں گی جن میں 66 ہزار افراد تک مدد پہنچائی جائے گی۔
ایس پی اے کے مطابق ’اس معاہدے میں شدید غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے ہنگامی حالات میں زندگی بچانے والی غذائی امداد اور پاکستان میں خیبر پختونخواہ اور آزاد جموں کشمیر کے خطے میں خطرے سے دوچار علاقوں میں حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔‘
سعودی عرب میں قائم کنک سلمان ریلیف سنٹر 49 سے زائد ممالک میں لاکھوں مستحقین کو انسانی اور ترقیاتی امداد فراہم کرتی ہے۔
پاکستان امداد حاصل کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے اور اسے 2005 سے اب تک 120 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد ملی ہے۔