شاہ فہد پل سے بحرین آمد ورفت کےلیے’ توکلنا‘ ہیلتھ پاسپورٹ
شاہ فہد پل سے بحرین آمد ورفت کےلیے’ توکلنا‘ ہیلتھ پاسپورٹ
جمعرات 18 نومبر 2021 18:23
’ توکلنا‘ اوربحرینی ’مجتمع واعی‘ ایپ کو مربوط کیا گیا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب اور بحرین نے کنگ فہد پل سے مسافروں کی آمد ورفت کے لیے ہیلتھ پاسپورٹ کو آن لائن مربوط کرنے کاسسٹم جاری کردیا-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق جمعرات کو مملکت اور بحرین کے مابین ہیلتھ پاسپورٹ کو موثر کرنے اور سعودی عرب کی ’ توکلنا‘ ایپ جبکہ بحرینی ’مجتمع واعی‘ ایپ کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے-
سعودی عرب کی جانب سے ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الغامدی اور بحرین کی جانب سے ای گورنمنٹ اینڈ انفارمیشن اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد القائد نے مملکت میں متعین بحرینی سفیر شیخ حمود آل خلیفہ اور دونوں ملکوں کے عہدیداروں کی موجودگی میں دستخط کیے-
دونوں ملکوں نے مذکورہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کورونا وائرس کے انسداد کے سلسلے میں حفاظتی تدابیر کو موثر بنانے کے جذبے سے کیے ہیں-
دونوں ملکوں کے قائدین چاہتے ہیں کہ کنگ فہد پل کے راستے دونوں ملکوں کے شہریوں اور مقیم غیر ملکی محفوظ طریقے سے آجاسکیں-