ثاقب نثار صاحب! آپ کو قوم کو سچ بتانا ہو گا: مریم نواز
ثاقب نثار صاحب! آپ کو قوم کو سچ بتانا ہو گا: مریم نواز
بدھ 24 نومبر 2021 13:04
مریم نواز نے کہا ’میری معزز جج صاحبان سے اپیل ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لیں کیونکہ انگلیاں ان پر اٹھی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ جسٹس (ر) ثاقب نثار کو قوم کو سچ بتانا ہوگا۔
مریم نواز نے بدھ کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ثاقب نثار کی آڈیو سامنے آئی تو ثاقب نثار کا پہلا موقف یہ تھا کہ یہ آواز ہی میری نہیں ہے۔‘
اس سوال پر کہ آپ نے جو پانچ شواہد دیے ان کو لے کر آپ عدالت جائیں گی، مریم نواز نے کہا کہ ’میرے پاس بالکل وہ شواہد موجود ہیں، میرے وکلا کی ٹیم ان کو دیکھ رہی ہے۔ پہلے تو میری معزز جج صاحبان سے اپیل یہی ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لیں کیونکہ انگلیاں ان پر اٹھی ہیں۔‘
’یہ صرف نواز شریف کا کیس نہیں ہے، یہ پوری قوم کا کیس ہے۔ کیونکہ اس سازش کے نتیجے میں جس شخص کو آپ نے مسند اقتدار پر بٹھایا، اس شخص نے 22 کروڑ عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’میں اس چینل کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے ثابت کر دیا کہ یہ آواز ثاقب نثار صاحب کی ہے۔ انہوں نے یہ ثابت کیا کہ یہ جملے مختلف تقریروں سے اٹھائے گئے ہیں۔‘
’اصل جملہ کہ نواز شریف کو سزا دینی ہے۔ ججمنٹس تو ادارے دیتے ہیں، چینل والے ان جملوں کو چھپا گئے ہیں ۔ وہ جملے ثاقب نثار کا اعتراف جرم ہیں۔ مجھے یہ بتائیے کہ نواز شریف اور مریم کو سزا دینے والے جملے ثاقب نثار صاحب نے کس تقریر میں کہے تھے۔‘
’میں اس چینل سے گزارش کرتی ہوں کہ انہوں نے اگر ثاقب نثار نے ایسی کوئی تقریر کی اور اس جرم کا اعتراف کیا تو ہمیں بتائیں کہ انہوں نے یہ بات کہاں کی۔‘
’بات یہ ہے کہ سب سے پہلی گواہی جسٹس شوکت صدیقی نے دی۔ انہوں نے سنگین الزامات لگائے۔ وہ جج آج بھی موجود ہیں۔ انہیں عدالت بلائے۔ اس کے بعد ارشد ملک کی ویڈیو آئی۔ انہیں سچ بولنے کی پاداش میں ملازمت سے بر خاست کر دیا گیا۔ اور پھر گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کا بیان حلفی سامنے آیا کہ اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ان کے گھر میں چائے پیتے ہوئے ایک جج صاحب کو فون کیا کہ مریم نواز کو الیکشن سے پہلے ضمانت نہیں دینی۔
{انہوں نے مزید کہا کہ ’کیا آپ اس بات سے انکار کر سکتے ہیں کہ منتخب وزیراعظم نواز شریف کو ایک سازش کے تحت عہدے سے ہٹایا گیا۔ کیا آپ اس بات سے انکار کر سکتے ہیں کہ پاناما میں چار سو افراد کے نام آئے لیکن آپ نے صرف نواز شریف کو سزا دی۔‘
’جب یہ آڈیو آئی تو ثاقب نثار نے کہا کہ میں کوئی پاگل ہوں کہ میں کورٹ کچہری کے چکر لگاتا رہوں۔ میں پوچھنا چاہتی ہوں کو اس وقت تین دفعہ کا وزیراعظم کوئی پاگل تھے کہ وہ کورٹ اور چہری کے چکر لگاتے رہے۔‘
انہوں نے کہا ’ثاقب نثار صاحب کو میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آج یا کل سچ آپ کو قوم کو بتانا ہو گا۔ جرات کریں اور سامنے آئیں اور بتائیں کہ کس نے آپ کو مجبور کیا کہ آپ مریم نواز کو سزا دیں اور کس نے آپ کو کہا کہ عمران خان کو لانا ہے۔‘