Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹم پین بہترین کیپر ہیں، اپنی غلطی تسلیم کر کے ہمت دکھائی‘

 ٹیکسٹ میسج سکینڈل کے باعث ٹِم پین نے کپتانی چھوڑ دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے سپن کنگ نیتھن لیون نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے بولرز انگلینڈ کے خلاف پہلے ایشز ٹیسٹ کے لیے ٹِم پین کو سٹمپ کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ ’دنیا کے بہترین کیپر‘ ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اوپنر مارکس ہیرس نے بھی کہا کہ ٹِم پین کو آسٹریلوی سکواڈ کی حمایت حاصل ہے اور نیتھن لیون نے بھی اس بات کا اعادہ کیا
واضح رہے کہ ٹم پین نے گزشتہ ہفتے ایک ٹیکسٹ میسج سکینڈل کی وجہ سے ’بدنامی‘ پر ٹیسٹ کپتانی چھوڑ دی تھی لیکن وہ کھیل جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔
سال 2017 میں ٹِم پین نے ایک خاتون ساتھی کو فحش ٹیکسٹ پیغامات بھیجے تھے جو منظع عام پر آنے کے بعد انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ٹم پین کے حوالے سے سلیکٹرز کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آیا انہیں دوبارہ کھیلنے کا موقع دینا ہے یا نہیں۔
اوپنر مارکس ہیرس نے کہا کہ سلیکٹرز نے ہمیشہ کہا کہ وہ بہترین ٹیم کا انتخاب کریں گے اور میری نظر میں ٹِم پین دنیا کے بہترین کیپر ہیں۔ ’میں جانتا ہوں کہ میں انہیں (ٹیم میں شامل کرنا) چاہتا ہوں۔‘
’ہر بولر کا (ان) کے ساتھ رشتہ غیر معمولی ہے اور ٹِم پین ایک بہت پیار کرنے والا آدمی ہے اور چینجنگ روم میں ایک بہت ہی معزز آدمی ہے۔‘
لیون نے مزید کہا کہ وہ ’100 فیصد ضمانت دے سکتے ہیں کہ انہیں (پین کو) آسٹریلوی ٹیم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔‘

لیون نے کہا کہ میری نظر میں ٹِم پین دنیا کے بہترین کیپر ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’ٹم نے ایک غلطی کی ہے، اس نے اسے تسلیم کیا ہے، ایمانداری دکھا کر انہوں نے میرے نزدیک بہت ہمت دکھائی ہے۔‘
اس وقت ان سے تفتیش کی گئی اور کرکٹ کے ضابطہ اخلاق کی کسی بھی خلاف ورزی پر انہیں کلیئر کر دیا گیا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ وہ کپتانی سے دستبردار ہو رہے ہیں کیونکہ ان کے اقدامات ’آسٹریلوی کرکٹ کپتان کے معیار پر پورا نہیں اترتے۔‘
ان کے متبادل کا اعلان ابھی باقی ہے جن میں پیٹ کمنز اور سٹیو سمتھ ٹیم کی قیادت کرنے کے لیے سب سے نمایاں ہیں۔

شیئر: