Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 نے ویورشپ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے

ٹی20 ورلڈ کپ پاکستان، انڈیا، برطانیہ اور امریکہ میں سب سے زیادہ دیکھا گیا (فوٹو: آئی سی سی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ نے دیکھنے والوں میں بھرپور مقبولیت حاصل کی جس نے ویورشپ کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
جمعرات کو جاری کردہ ڈیٹا میں آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی لائیو نشریات سمیت دیگر تفصیل شیئر کی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ماضی میں کسی بھی موقع سے زیادہ اس مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ میں 10ہزار گھنٹوں کی لائیو کوریج کی گئی جو ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے 200 ملکوں میں پیش کی گئی۔
پاکستان، برطانیہ، آسٹریلیا، انڈیا اور امریکہ میں سب سے زیادہ ویور شپ رہی۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کا انعقاد پانچ برس بعد کیا گیا تھا۔ دنیائے کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں اور اہم ٹیموں کو شائقین کے سامنے لانے کا ذریعہ بنانے والا ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد کیا گیا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ کی ویورشپ نے متعدد خطوں میں ناظرین کی دلچسپی کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ ٹیلی ویژن پر 16 کروڑ 70 لاکھ کی ریچ کے ساتھ پاکستان اور انڈیا کے میچ میں سٹار انڈیا نیٹ ورک پر 15.9 ارب منٹ دیکھا گیا۔
پاکستان اور انڈیا کا میچ اب تک کی کرکٹ تاریخ میں ویورز کے لحاظ سے سب سے زیادہ دیکھا گیا میچ بنا ہے جس نے اس سے قبل ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان 2016 ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کا ریکارڈ توڑا ہے۔
انڈین ٹیم ٹورنامنٹ سے جلد خارج ہو گئی تھی اس کے باوجود انڈیا میں پورے ٹورنامنٹ کو 112 ارب منٹ دیکھا گیا۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ تین مختلف ٹی وی چینلز نے ورلڈ کپ دکھایا جس نے 2016 ورلڈ کپ کے مقابلے میں ویورشپ میں سات اعشاریہ تین فیصد کا اضافہ کیا۔
برطانیہ میں پاکستان اور انڈیا کے میچ کی ویورشپ سکائی یوکے پر 60 فیصد بڑھی ہے جب کہ مجموعی طور پر ناظرین میں سات فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
آسٹریلیا میں فاکس نیٹ ورک پر ویورشپ میں 175 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ آئی سی سی کی جانب سے فوکسڈ مارکیٹ کے طور پر اعلان کردہ امریکہ میں ای ایس پی این پر یہ اب تک کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹورنامنٹ رہا ہے۔
فیس بک کے ساتھ آئی سی سی کی پارٹنرشپ نے وڈیو ویوز میں خاطرخواہ اضافہ کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران فیس بک پر چار ارب 30 کروڑ ویوز ہوئے جو اس سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے تین ارب 60 کروڑ ویوز سے کہیں زیادہ تھی۔

شیئر: